ملک میں پہلی مرتبہ حیدرآباد کے زو کو ISO سرٹیفکیشن کا حصول

   


جانوروں کی دیکھ بھال میں معیاری اُصولوں پر عمل آوری کی ستائش

حیدرآباد: ملک میں پہلی مرتبہ نہرو زوالوجیکل پارک ( حیدرآباد ) کو آئی ایس او 9001:2015 کوالیٹی مینجمنٹ اسٹانڈرڈس سرٹیفکیشن حاصل ہوا ہے۔ زو کے حکام نے بتایا کہ زو انتظامیہ کیلئے معیاری طریقہ کار اختیار کرنے پر ایکریڈیٹیشن آف سرویسس فار سارٹیفائنگ باڈیز، برطانیہ کی جانب سے دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک ٹیم کی جانب سے آڈٹ کیا گیا جس میں زو میں جانوروں کی نگرانی اور دیکھ بھال کے طریقہ کار کے علاوہ سینٹائزیشن، فوڈ پروسیسنگ، انیمل بریڈنگ، زو ہاسپٹل، جانوروں کی دیکھ بھال، حفظان صحت کے اصولوں پر عمل وغیرہ کا جائزہ لیا گیا اور ٹیم نے اطمینان کا اظہار کیا۔ ٹیم نے زو کے مختلف شعبوں اور ونگس کے عملے کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا اور ٹیم ورک کے علاوہ مختلف ونگس کی صلاحیتوں کی ستائش کی جس کے باعث نہرو زوالوجیکل پارک حیدرآباد کے معیار میں اضافہ ہوا ہے۔ زو کے حکام نے بتایا کہ زو عملہ کے تمام کاموں میں شفافیت، 24 گھنٹوں کے دوران کسی بھی ایمرجنسی پر فوری ردعمل وغیرہ کے نتیجہ میں ISO سرٹیفکیشن عطا کرنے کے طریقہ کار کی تکمیل ہوئی ہے اور ان ہیے صلاحیتوں سے ٹیم بہت متاثر ہوئی اور نہرو زوالوجیکل پارک کو ISO سرٹیفکیشن سے نوازنے کے لئے موثر طور پر سفارش پیش کی گئی۔ ISO سرٹیفکیٹ شیویا الاپتی، منیجنگ ڈائرکٹر، لائف ٹائم ممبر شپ، QCI کی جانب سے وزیر جنگلات نے اندرا کرن ریڈی کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر جنگلات نے 6 اکٹوبر کو سفید شیر کے چار بچوں کے جنم لینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر جنگلات نے ISO سرٹیفکیٹ حاصل ہونے پر پرنسپال چیف کنزرویٹر آف فارسٹ شوبھا، ڈائرکٹر نہرو زوالوجیکل پارک اور تمام اسٹاف کی ستائش کی اور ان کی کوششوں کو سراہا۔