نئی دہلی، 18 جولائی (یواین آئی) تیس سال پہلے 31 جولائی کو ملک میں پہلی موبائل کال سے موبائل ٹیلی فونی کی شروعات ہوئی تھی۔ اس انقلاب کے آغاز کا جشن منانے کیلئے اس دن دہلی اور کولکاتہ میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ملک میں پہلی موبائل کال 31 جولائی 1995 کو اس وقت کے ٹیلی کام وزیر سکھ رام اور مغربی بنگال کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ جیوتی باسو کے درمیان ہوئی تھی۔ اس تاریخی کال نے ہندوستان کے موبائل دور کا آغاز کیا۔دونوں شہروں میں 31 جولائی کو ہونے والے پروگرام کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز ، آل انڈیا موبائل ریٹیلرز ایسوسی ایشن (ای ایم آر اے ) اور آرگنائزڈ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مشترکہ زیر اہتمام منعقد کیے جا رہے ہیں۔سی اے ٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور ایم پی پروین کھنڈیلوال نے کہا کہ گزشتہ11 برسوں میں ہندوستان دنیا کی دوسری سب سے بڑی ٹیلی کام مارکیٹ بن گیا ہے ۔