ملک میں کئی وز راء ‘ صحافیوں ‘ ججس ‘ اپوزیشن قائدین و تاجرین کی جاسوسی

,

   

Ferty9 Clinic

اسرائیلی کمپنی کے جاسوسی سافٹ ویر Pegasus کا استعمال ۔ کئی سماجی جہد کار بھی نشانے پر ۔ ہم سافٹ ویر صرف حکومت کو بیچتے ہیں۔ کمپنی کا دعوی

حیدرآباد۔ 18 جولائی ( سیاست نیوز) آئندہ چند گھنٹے یا چند دن دنیا بھر بشمول ہندوستان میں سیاسی دھماکے کرسکتے ہیں کیونکہ یہ حیرت انگیز اور سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں کہ دنیا بھر میں کئی اہم شخصیتوں کے ٹیلیفون ٹیپ کئے گئے ہیں اور ان کے فون کو ہیک کرتے ہوئے تمام تر مواد حاصل کرلیا گیا ہے ۔ جملہ 10 ممالک میں یہ ٹیپنگ ہوئی ہے جبکہ ہمارے اپنے ملک ہندوستان میں بھی تقریبا ہر اہم ترین شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد کے فون ٹیپ ہوئے ہیں۔ ان فونس کا مکمل مواد حاصل کرلیا گیا ہے ۔ یہ سارا کچھ ایک جاسوسی سافٹ وئیر Pegasus کو استعمال کرتے ہوئے کیا گیا ہے جو اسرائیلی سافٹ ویر ہے ۔ اس اسرائیلی سافٹ وئیر کے استعمال کے ذریعہ ہندوستان میں بھی سپریم کورٹ ججس ‘ اپوزیشن قائدین ‘ خود مودی حکومت کے وزراء ‘ قانونی ماہرین ‘ بڑے تاجرین ‘سرکاری عہدیداروں ‘ سائنسدانوں ‘ حقوق انسانی کارکنوں کے علاوہ ملک کے سرکردہ صحافیوں کے فون ٹیپ کئے گئے ہیں اور ان کا سارا مواد اور ڈاٹا حاصل کرلیا گیا ہے ۔ پیگاسیس سافٹ وئیر اسرائیلی کمپنی NSO گروپ کی جانب سے دنیا بھر میں فروخت کی جاتی ہے ۔ تاہم اس کا کہنا ہے کہ اس نے یہ سافٹ وئیر صرف خواہشمند حکومتوں کو ہی فروخت کیا ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ دنیا بھر میں جملہ 36 ممالک نے یہ سافٹ وئیر خریدا ہے ۔ ہندوستان میں میڈیا گروپ The Wire نے اپنے 16 میڈیا پارٹنرس کے ساتھ تحقیقات کے ذریعہ یہ انکشاف کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جن افراد کے فون ٹیپ کئے گئے ہیں ان میں مودی حکومت کے دو وزراء ‘ کم از کم چار اہم اپوزیشن قائدین ‘ ایک سپریم کورٹ جج ‘ آر ایس ایس کے عہدیدار ‘40 معروف و سرکردہ صحافی اور کئی اہم اور بڑے تاجرین بھی شامل ہیں۔ جو سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں وہ سب سے پہلے پیرس سے کام کرنے والے ایک میڈیا ادارہ کو ملے تھے جس نے دنیا بھر میں کئی صحافتی اداروں کے ساتھ اسے شئیر کیا ہے ۔ فرانسیسی ادارہ کا کہنا ہے کہ اس کے پاس اس سنسنی خیز اسکینڈل کا سارا ڈاٹا موجود ہے اور اس میں این ایس او کلائینٹس کی جانب سے نشانہ بنائے گئے افراد کے فون نمبرات شامل ہیں۔ فرانسیسی ادارہ نے یہ سارا مواد دی وائر ‘ دی گارجین ‘ واشنگٹن پوسٹ ‘ ڈئی زیٹ اور 10 دوسرے میکسیکو ‘ عرب اور یوروپی نیوز اداروں کے ساتھ شئیر کردیا ہے ۔
سبرامنیم سوامی و کارتی چدمبرم کا ٹوئیٹ
اس دوران ہندوستان میں حیرت انگیز انکشافات کیلئے شہرت رکھنے والے بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے بھی ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے پیگاسیس سافٹ وئیر کے ذریعہ ہندوستانی سیاستدانوں ‘ صحافیوں ‘ وزراء ‘ اپوزیشن قائدین ‘ تاجرین وغیرہ کے فون نمبرات کی جاسوسی اور ہیکنگ کی اطلاعات ملنے کا اعتراف کیا ہے اور کہا کہ جیسے ہی وہ ان کی توثیق کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے وہ ان تمام فون نمبرات کو منظر عام پر لائیں گے جن کی جاسوسی ہوئی ہے ۔ اس سے قبل کانگریس رکن پارلیمنٹ کارتی پی چدمبرم نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان سے کسی نے کہا کہ یہ سارا معاملہ انتہائی دھماکو ہوسکتا ہے ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ ان انکشافات کے بعد ملک کے سیاسی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہر گوشے میں تجسس پایا جاتا ہے ۔