ملک میں کاروں کی فروخت میں گراوٹ ‘ موٹر سائیکلوں کی فروخت میں اضافہ

   

شورومس میں 60ہزار کروڑ روپئے مالیتی گاڑیاں کھڑی ہیں۔ خریدار دستیاب نہیں۔ بینک قرض کی شرائط میںسختی

حیدرآباد 7 جولائی (سیاست نیوز) ملک میں کاروں کی فروخت میں زبردست گراوٹ آنے لگی ہے اور ہندوستان میں گذشتہ 62تا67 یوم میں مختلف شورومس میں موجود گاڑیوں کا اندازہ لگایا جائے تو 60 ہزار کروڑ کی گاڑیاں فروخت کیلئے ہیں جنہیں خریدار نہیں مل رہے ہیں۔ ملک میں عام انتخابات کے بعد بازار میں اچھال کے امکانات ظاہر کئے جارہے تھے لیکن اب جبکہ انتخابات کی تکمیل اور حکومت کی تشکیل مکمل ہوچکی ہے اس کے باوجود کاروں کی فروخت میں اضافہ نہیں ہواہے۔ ملک میں کار شورومس کا جائزہ لینے پر انکشاف ہوا کہ شورومس میں کاروں کی خریدی کیلئے گاہکوں کی تعداد میں 15 فیصد کی گراوٹ آئی ہے اور آئندہ دنوں میں اس میں مزید گراوٹ کے اندیشے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک میں SUV گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے شورومس کو روانہ کی گئی زائداز 6لاکھ 50 ہزار گاڑیاں رکھی ہوئی ہیں جو کہ فروخت کی جانی ہیں۔ماہ جون میں ملک بھر میں کاروں کی فروخت میں کمی آئی ہے اور جاریہ ماہ بھی اس میں کوئی تبدیلی کے آثار نہیں ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ کار کی خریدی کیلئے بینکوں سے قرض پر بھی بینک عملہ کی سختی سے CIBIL اسکور اچھا رکھنے والوں کوہی قرض کی سہولت کے نتیجہ میں کاروں کی فروخت میں کمی آئی ہے ۔فیڈریشن آف آٹو موبائیلس ڈیلرس اسوسیشن کی رپورٹ کے مطابق جون 2023کے دوران ملک بھر میں 13لاکھ 14ہزار628 موٹر سائیکل فروخت کی گئی تھیںاور جاریہ سال ماہ جون میں موٹر سائیکل کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے اور 13لاکھ 75 ہزار 889موٹر سائیکل فروخت ہوئی ہیں جبکہ پیسنجر کارجو کہ ماہ جون 2023 میں 3لاکھ2 ہزار فروخت کی گئی تھیں ان میں 1لاکھ گاڑیوں کی گرواٹ آئی ہے ۔ جون 2024 میں 2 لاکھ 81 ہزار 566 کاریں فروخت کی گئی ہیں۔ جبکہ کمرشیل وہیکل جون 2023 میں 76 ہزار 364 فروخت ہوئی تھیں لیکن جاریہ سال جون میں 72ہزار747 کمرشیل وہیکل فروخت کی جاسکی ہیں۔کاروں کے مقابلہ میں ملک بھر میں تین پہیہ گاڑی یعنی آٹو رکشا کی فروخت میں گذشتہ برس کے مقابلہ اضافہ ہوا ہے اور جون 2023 میں 89ہزار743 آٹو رکشا فروخت ہوئے تھے جبکہ جاریہ جون میں 94 ہزار 321 آٹو کی فروخت ہوئی ہے۔ٹریکٹرجو کہ گذشتہ سال کے دوران 99 ہزار148 فروخت ہوئے تھے اس سال تا حال 71 ہزار فروخت کئے گئے ۔3