ملک میں کبھی مودی جتنا کمزور وزیر اعظم نہیں رہا ‘ حکومت بھی کمزور

,

   

عوام کو بہتر حکومت اور بہتر وزیر اعظم کی ضرورت ۔ کیرالا میں پرینکا گاندھی کا ریلیوں سے خطاب
پول پلی / منن تھاڈی ( کیرالا ) 20 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے آج بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ملک میں کبھی اتنی کمزور حکومت اور کمزور وزیر اعظم نہیں تھے جتنے اب ہیں۔ پرینکا گاندھی ویاناڈ میں ہیں جہاں سے راہول گاندھی مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یہ بتانا چاہئے کہ آیا جو لوگ حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کر رہے ہیں ان کی آوازوں کو کچلنا قوم پرستی ہے ؟ ۔ پرینکا نے یہاں ایک بڑی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل سننے سے انکار کرنے والوں کی قوم پرستی پر سوال کیا اور کہا کہ کسان اپنے مسائل کو اجاگر کرنے ننگے پیر دہلی پہونچے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ایک ایسا وزیر اعظم چاہتے ہیں جو ان کا احترام کرے اور خود اپنے ہی کئے گئے وعدوں کو یکسر مسترد نہ کردے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ویاناڈ کے عوام سے کہنا چاہتی ہیں کہ انہوں نے اتنی کمزور حکومت اور اتنا کمزور وزیر اعظم کبھی نہیں دیکھا ہے جتنا اب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ملک کے عوام کو اس سے بہتر حکومت اور بہتر وزیر اعظم کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو عوام کی آواز بلند کرنے کی حوصلہ افزائی کرے بھلے ہی وہ حکومت کے خلاف آواز ہو۔ ان کے خیال میں عوام کو ایسے وزیر اعظم کی ضرورت ہے جو عوام کا احترام کرے اور خود اپنے ہی کئے گئے وعدو ںکی پابندی کرے ۔ وزیر اعظم ایسا ہو جو عوام کے سامنے جو کچھ کہے اسے بعد میں خود ہی فراموش نہ کرجائے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ وہ یہ جاننا چاہتی ہیں کہ آیا دستور کو تباہ کرنے اور ملک کے اہم اداروں کو کمزور بنانے کی کوششیں ہی قوم پرستی ہیں؟ ۔ یہ ادارے ایسے ہیں جو عوام کے حقوق کا تحفظ کرتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ قوم پرستی کی بات کرتے ہوئے عوام کو ایک دوسرے سے دور کیا جائے ۔ جب ہزاروں کسان ننگے پیر ملک کے ہر کونے سے دہلی تک گئے تھے تو وزیر اعظم نے ان کی بات تک نہیں سنی اور انہیں واپس بھیج دیا ۔ جب لوگ حکومت کی پالیسیوں کو قبول نہیں کرتے اور حکومت کے خلاف بات کرتے ہیں تو انہیں جیلوں میں بھیجا جاتا ہے ۔ انہیں مار پیٹ کی جاتی ہے کیا یہی قوم پرستی ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن میں بی جے پی پاکستان کا تذکرہ کرتی ہے ۔