ملک میں ’’کمیونٹی پھیلاؤ‘‘کے خطرہ میں اضافہ ، 20 ہزار اموات

   

نئی دہلی۔ ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے درمیان کمیونٹی اسپریڈ یعنی طبقاتی پھیلاؤ کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ کرناٹک کے تمکور ضلع انچارج وزیر مدھوسوامی نے ریاست میں کورونا انفیکشن کے کمیونٹی اسپریڈ کا اندیشہ ظاہر کیا ہے اور کرناٹک کے علاوہ گوا، پنجاب و مغربی بنگال کے نئے ہاٹ اسپاٹ بننے کے آثار بھی ظاہر ہو رہے ہیں جو انتہائی فکر انگیز ہے۔بہر حال، ہندوستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز دو دن تک 24 ہزار سے زیادہ رہنے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس میں کچھ حد تک کمی واقع ہوئی ہے ، لیکن اس عرصہ میں 467 افراد کی ہلاکت سے اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار سے متجاوز کر گئی ہے۔ منگل کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی طرف سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 22،252 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جو گزشتہ ہفتے کے بعد سے سب سے کم ہیں۔ آج ملنے والے کیسز سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7،19،665 ہوگئی ہے۔ ہفتہ کے روز 22،771 نئے کیسز درج ہوئے۔ اتوار کو 24،850 اور پیر کو 24،248 کیسز تھے۔