نئی دہلی، 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں کوروناوائرس سے متاثرین کی تعداد گزشتہ تین دنوں کے دوران تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اس سے متاثرہونے والوں کی تعداد آج دو ہزار کے پار پہنچ گئی اور اس کی زد میں آکر اب تک 53 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔دارالحکومت کے نظام الدین واقع مرکزمیں تبلیغی جماعت میں شامل لوگوں میں انفیکشن کے کیس تیزی سے بڑھے ہیں۔ وہاں کے 108 متاثرین کے معاملے صرف دہلی میں سامنے آنے سے اس وبا سے متاثرین کے تعداد بڑھ 219 تک پہنچ گئی ہے۔وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کی رات جاری اعداد و شمار کے مطابق کوروناوائرس متاثرہ 156 لوگ صحت مند ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کے ترجمان لو اگروال نے بتایا کہ ملک کے مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جہاں پر بھی کوروناوائرس کے پازیٹیو معاملے پائے گئے ہیں، وہاں کی ریاستی حکومتوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ جہاں بھی ایسے معاملے دیکھے گئیہیں وہاں سخت انکوائری مہم چلا کر ممکنہ معاملات کی ٹریسنگ کی جائے اور ضرورت ہو تو مشتبہ افراد کو کورنٹائن کیا جائے ۔