ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 18,601 ،590فوت

,

   

ملک کی 32 ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں مہاراشٹرا کورونا وائرس سے شدید متاثر ، دہلی دوسرے مقام پر

نئی دہلی۔21 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1336نئے کیسز درج کئے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 18 ہزار کے پار پہنچ گئی اور اس دوران اس وبا سے 47 مزیدافراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 590 ہو گئی ہے۔ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 18,601 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 77 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کے صحتمند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 705 افراد کے صحتمند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 3,252 تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔ کورونا سے سب سے شدید متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں متاثرین کی تعداد میں ایک دن میں 463 کیسز کا اضافہ درج کیا گیااورمجموعی تعداد 4,666 ہوگئی۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریاست میں نو مزید افرادکی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 232 ہو گئی ہے۔ ریاست میں 572 متاثرمریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر ملک کی قومی راجدھانی دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 78نئے کیس درج کئے جانے کے بعد اب تک کل 2,180 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اوراس دوران دو مزید لوگوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 47ہو گئی ہے ۔ دارالحکومت میں کل 431 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دیدی گئی ہے ۔

اس کے بعد تیسرے نمبر پر گجرات ہے جہاں متاثرین کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھا جارہاہے اورریاست میں 196 نئے مریضوں کے ساتھ یہ تعداد 1,939اور آٹھ مزید افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 71 تک پہنچ گئی ہے۔ وہیں راجستھان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 98 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اوران کی تعداد بڑھ کر 1,576 ہو گئی۔ ریاست میں وبا سے 11 مزید افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 25 ہو گئی ہے ۔ تمل ناڈو میں 43 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں اور مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1,520 اور ریاست میں انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد دو سے بڑھ کر 17 ہو گئی ہے ۔ مدھیہ پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں انفیکشن کے 78 نئے کیس سامنے آئے جس سے متاثرین کی تعداد 1,485 اور مرنے والوں کی تعداد مزید چار کے ساتھ بڑھ کر 74 ہو گئی۔ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں کورونا وائرس کے 100 نئے کیس سامنے آنے کے بعد کل متاثرین کی تعداد 1,184 اور اس دوران ایک شخص کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے ۔تلنگانہ میں اس دوران 29 نئے کیس سامنے آئے اور متاثرین کی کل تعداد 873 ہو گئی۔ ریاست میں اس وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانچ افراد کی موت ہو گئی جس سے مرنے والوں کی کل تعداد 23 ہو گئی۔کیرالہ میں 408 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور تین لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں 722 اورکرناٹک میں 408 لوگ متاثرہیں اوران دوںوں ریاستوں میں بالترتیب 20 اور 16 افراد کی موت ہوئی ہے ۔مرکز کے زیر انتظام صوبہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد 368 ہے اور پانچ افراد کی موت ہوئی ہے ۔اس کے علاوہ پنجاب میں 16، مغربی بنگال میں 12، ہریانہ میں تین، جھارکھنڈ اور بہار میں دو دو اور میگھالیہ، اڑیسہ،ہماچل پردیش اور آسام میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔