ملک میں کورونا وائرس سے 200ہلاکتیں، 6,600متاثر

,

   

نئی دہلی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔ 19) متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ہی یہ 6,600 تک پہنچ گئی ہے اوروبا کی وجہ سے اب تک 200 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 31 ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 540 نئے کیسیس سامنے آنے کے ساتھ ہی اب تک اسکے 5734 کیسیس کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ ان میں 65 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس انفیکشن سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 مزید افراد کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی مجموعی تعداد 166 ہو گئی ہے ۔ ابھی تک کورونا وائرس سے متاثر 473افراد صحت مند ہو چکے ہیں۔کل کے مقابلے میں جمعرات کو متاثرین اورمرنے والوں کی تعداد میں تھوڑی کمی آئی ہے ۔وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ اعداد کے مطابق ملک میں کورونا سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر میں اب تک 1135 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 72 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ مہاراشٹرمیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 افراد ہلاک اور117 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ دوسرے مقام پر تمل ناڈو ہے جہاں 738افراد اس وبا سے متاثراور آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں، اس کے بعد دہلی میں سب سے زیادہ 669 افراد متاثر ہیں اور نو افراد ہلاک ہو ئے ہیں دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 93 افراد متاثر پائے گئے ۔تلنگانہ میں اب تک 427 لوگ متاثر اور سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کیرالہ میں 345 افراد متاثراوردوافراد کی موت ہوئی ہے ۔راجستھان میں 381 لوگ انفیکشن کے شکار ہیں اور اب تک تین افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں 361 لوگ متاثر ہیں اور چار لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔جنوبی ہندوستانی ریاست آندھرا پردیش میں348اورکرناٹک میں 181لوگ متاثر ہیں اوربالترتیب چاراورپانچ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔کرناٹک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک اور شخص کی موت ہوگئی۔مرکز کے زیر انتظام صوبہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 158 ہو گئی ہے اورچارافراد کی موت ہوئی ہے ۔مدھیہ پردیش میں 229 اورگجرات میں 179 لوگ متاثر ہیں اور بالترتیب 13 اور 16 افراد کی موت ہوئی ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گجرات میں تین مزید افراد کی موت ہوچکی ہے ۔اس کے علاوہ پنجاب میں آٹھ، مغربی بنگال میں پانچ، ہریانہ میں تین اور بہار، اڈیشہ اور ہماچل پردیش میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔

دہلی میں کورونا وائرس سے
720 افرادمتاثر، 12اموات
نئی دہلی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 720جبکہ 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔وزیر صحت ستیندر جین نے جمعرات کو میڈیا سے کہا کہ مجموعی متاثرین میں 426 نظام الدین مرکز سے ہیں، کورونا وائرس سے متاثر 21 افراد ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔قابل غور ہے کہ حکومت نے چہارشنبہ کو 22 ہاٹ اسپاٹ نشانزد کرکے ان علاقوں کومکمل طور سیل کردیا گیا ہے اورکسی قسم کی نقل وحرکت پران علاقوں میں مکمل طور پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔جین نے لوگوں سے لاک ڈاؤن کی پوری طرح عمل کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی جیسے حالات ہیں اور لوگ ناگزیر ضرورت پر ہی باہر نکلیں۔