ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 81ہوگئی

   

کنیڈا اور اٹلی کے 17 سیاح بھی شامل، خوفزدہ نہ ہونے عوام کو حکومت کا مشورہ، مزید کٹس کا حصول

نئی دہلی 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں متعدی وباء کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 75 تک پہونچ گئی ہے جن میں کرناٹک کا ایک 81سالہ شخص بھی ہے جس کی گزشتہ روز اس وباء کے سبب موت واقع ہوگئی۔ کرناٹک کے وزیر صحت بی سری راملو نے کہاکہ کلبرگی سے تعلق رکھنے والے محمد صدیق حال ہی میں سعودی عرب سے واپس ہوئے تھے۔ ان کے معائنوں کے نتائج کورونا وائرس یا سی او وی ڈی ۔ n مثبت پائے گئے ہیں۔ دہلی میں چھ اور اترپردیش میں 10 مشتبہ کیسیس پائے گئے ہیں۔ مہاراشٹرا میں 11 ، لداخ میں 31 اور کرناٹک میں پانچ مریض پائے گئے ہیں۔ آندھراپردیش، جموں و کشمیر، پنجاب اور ٹاملناڈو میں ایک ایک مریض کی توثیق ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں ایک مریض کی توثیق ہوئی تھی جو اب صحتیاب ہوچکا ہے۔ کیرالا میں 17 کیسیس پائے گئے جن کے منجملہ تین مریضوں کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔ ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثر 75 توثیق شدہ مریضوں میں 17 بیرونی باشندے بھی شامل ہیں جن میں ایک کا کینیڈا اور 16 کا اٹلی سے تعلق ہے۔ ہندوستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے پیش نظر حکومت نے عوام کو خوف و سنسنی سے دوچار نہ ہونے کی خواہش کی ہے اور وضاحت کی کہ اکثر افراد بیرونی ممالک میں متاثر ہونے کے بعد یہاں پہونچے ہیں۔ مقامی طور پر اس وباء کے منتقل ہونے یا پھیلنے کے اکا دکا واقعات ہی منظر عام پر آئے ہیں۔ حکومت نے کہاکہ بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانی شہریوں کی حفاظت و بھلائی بھی ہمیشہ ہی ہندوستان کی اہم ترجیح رہی ہے۔ ایران سے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے تین خصوصی طیارے روانہ کئے جائیں گے۔ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو وباء قرار دیئے جانے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ہندوستانی وزارت صحت کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ تقریباً 1500 افراد یہاں مختلف ریاستوں میں متاثر افراد کے رابطوں میں آئے تھے تمام 75 متاثرین کو کڑی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ عہدیداروں نے کہاکہ ’ہندوستان میں فی الحال ایک لاکھ ٹسٹ کٹس ہیں اور مزید کٹس کی خریدی کا حکم دیا گیا ہے‘۔