ملک میں کورونا وائرس کے پانچ نئے مریض

   

کیرالا کا کمسن، کرناٹک کا سافٹ ویر انجینئرشامل ، جملہ تعداد 44 ، کوئی فوت نہیں
نئی دہلی ۔ 9 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)ملک میں کورونا وائرس کے مزید پانچ مریض مثبت پائے جانے کی اطلاع ہے جس کے ساتھ ہی کورونا وائرس کے پازیٹیو پائے گئے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہوگئی ہے ۔ مرکزی وزارت صحت نے یہ بات بتائی ۔ پانچ تازہ کیس میں کیرالا کا تین سالہ بچہ اور کرناٹک کا سافٹ ویر انجینئر شامل ہیں۔کمسن اٹلی سے وطن واپس ہوا اور جانچ پر مثبت پایا گیا ۔ دہلی ، اُترپردیش اور جموں سے ایک ایک مریض کے مثبت پائے جانے کی اطلاع ملی ہے ۔ ملک بھر سے کورونا وائرس سے کسی کے فوت ہونے کی تاحال کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ وزارت کے عہدیداروں نے میڈیاکو تفصیلات سے واقف کروایا اور بتایا کہ جموں کا مریض جموںو کشمیر کا پہلا کورونا وائرس سے متاثر ہے جس نے ایران کا سفر کیا تھا ۔ دہلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص نے اٹلی کا دورہ کیا تھا ۔ تیسرا مریض اُترپردیش کے میرٹھ ٹاؤن کا ہے جس نے آگرہ میں چھ ایسے افراد سے رابطہ میں تھا جو کورونا وائرس سے متاثرہ تھے اور جانچ پر مثبت پائے گئے تھے ۔ ایک اندازہ کے مطابق 90 ممالک کے زائد از 11 لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد 3,825 بتائی گئی ہے ۔ کیرالا کے کوچی میں تین سالہ بچہ کورونا وائرس سے مثبت پایا گیا ۔ اس کے والدین 7 مارچ کی صبح 6بجے اٹلی سے کوچین انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے تھے ۔ ان کی تھرمل اسکریننگ کی گئی اور بچہ کورونا وائرس کی جانچ میں مثبت پایا گیا ۔ اس خاندان کو فوری کلامیری میڈیکل کالج ہاسپٹل کے علحدہ وارڈ سے رجوع کیا گیا جو ایسے مریضوں کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ والدین کے نمونوں کو بھی جانچ کے لئے لیباریٹری بھیج دیا گیا ہے۔