لکھنؤ : بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی نے ملک میں کورونا واریئرس کو نظرانداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اتر پردیش میں اس کے علاوہ ان اساتذہ کے اہل خانہ کوبھی کوئی راحت نہیں دی جارہی ہے جو انتخابی ڈیوٹی کے دوران انفیکشن کی گرفت میں آکر اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ محترمہ مایاوتی نے ٹویٹ کرکے کہا کہ “پورے ملک میں کورونا واریئرس کی حیثیت سے خدمات دینے والے ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی ڈیوٹی کے دوران بیماری اور موت وغیرہ کے سلسلے میں حکومتوں کی نظراندازی کی خبریں انتہائی افسوسناک ہیں۔ حکومتوں کو ان کی سلامتی وغیرہ کے بارے میں سنجیدہ ہونے کی اشد ضرورت ہے “۔ایک دوسری ٹویٹ میں بی ایس پی صدر نے کہا کہ “اسی طرح یوپی میں پنچایت انتخابات کی ڈیوٹی سرانجام دینے والے اساتذہ اور دوسرے سرکاری ملازمین کی کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت ہوگئی ہے ، لیکن مناسب تفتیش نہ ہونے کی وجہ سے ، انہیں مناسب سرکاری مدد بھی نہیں مل رہی ہے ، جو کہ انتہائی نا روا سلوک ہے ۔ حکومت کو فوری طور پر اس طرف دھیان دینا چاہئے ۔