نئی دہلی، 20 جون (یواین آئی) ملک میں گزشتہ کچھ دنوں سے کورونا انفیکشن کے ایکٹیو کیسز میں کمی آئی ہے اور جمعہ کو فعال کیسوں کی کل تعداد کم ہو کر 5608 ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1092 کورونا متاثرہ مریض صحت یاب ہونے کے بعد اس مرض سے چھٹکارا پانے والوں کی تعداد 18256 تک پہنچ گئی اور اس دوران مزید 4 مریضوں کی موت کے بعد اموات کی تعداد 120 تک پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ 22 مئی کو ملک میں کورونا کے صرف 257 ایکٹیو کیسز تھے ۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار مزید کورونا سے متاثرہ مریضوں کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد 120 تک پہنچ گئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں دہلی، کیرالہ، مہاراشٹر اور پنجاب میں ایک ایک مریض کی کورونا انفیکشن سے موت ہوئی ہے ۔ اس دوران جہاں نو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا گیا، وہیں 16 ریاستوں میں فعال کیسز میں کمی دیکھی گئی۔ جبکہ دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کورونا انفیکشن کا کوئی کیس موصول نہیں ہوا ہے۔