حکومت صرف’’ ٹیکہ اُتسو‘‘ میں مصروف، راہول گاندھی کا طنز
نئی دہلی۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج ملک میں کورونا کے کیسس میں ریکارڈ اضافہ پرتشویش کا اظہار کیا اور اس وباء سے نمٹنے میں ناکامی کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ سے عوام پریشان ہیں اور حکومت محض ’’ ٹیکہ اُتسو ‘‘ میں مصروف ہے۔ راہول گاندھی نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ دواخانوں میں نہ تو ٹسٹنگ ہورہی ہے اور نہ ہی مریضوں کیلئے بستر دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ شدید طور پر متاثرہ مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرس اور آکسیجن بھی نہیں ہے۔ کئی مقامات پر ویکسین کی قلت کی بھی شکایات ہیں۔ راہول گاندھی نے یہ بھی طنز کیا کہ ’’ پی ایم کیئرس‘‘ فنڈکا کیا ہورہا ہے کیونکہ کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اس فنڈ میں بھاری رقومات جمع کی گئی تھیں لیکن حکومت ویکسین فیسٹول میں مصروف ہے۔یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 11 تا 14 اپریل ’ ٹیکہ اُتسو‘ منایا گیا۔ اس دوران بڑے پیمانہ پر اہل افراد کو ویکسین لگایا گیا۔ ملک میں ریکارڈ تعداد میں 200,739 مریضوں کا 24 گھنٹوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اسی مدت میں1,038 اموات ہوئی ہیں جو ریکارڈ ہے۔
