نئی دہلی ۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام)ملک میں کورونا وائرس‘کووڈ-19’انفکشن کے ایک وز میں ریکارڈ 5611 معاملے سامنے آئے ہیں،جس کے بعد متاثرین کی تعداد 106750 ہوگئی ہے ۔اس دورون 3124 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں جس سے اب تک مجموعی طور پر ٹھیک ہونے والوں کی تعداد 42298ہوگئی۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں میں5611 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے ،جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 106750 ہوگئی۔ملک میں تاحال کورونا انفکشن کے 61149 معاملے ہیں۔اس سے ایک روز قبل 4970 نئے کیسز درج ہوئے تھے ۔ملک میں اس انفکشن سے گذشتہ 24 گھنٹے میں 140 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد مہلوکین کی تعداد 3303 ہوگئی۔انفکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان ایک خوش آئند پہلو یہ بھی ہے کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور مجموعی طور پر انفکشن کے معاملوں میں ایک تہائی حصہ یہیں کا ہے ۔یہاں 24گھنٹوں کے درمیان 4083 نئے معاملے سامنے آئے ہیں،جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 37136 ہوگئی ہے اوراب تک 1325 افراد کی موت ہوچکی ہے ،صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 9639 ہے ۔دوسرے نمبر پر تمل ناڈو ہے جہاں 12448 افراد اس مہلک مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔یہاں کورونا سے اب تک 84 ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 4895 صحت یاب۔کورونا وائرس کے انفکشن کے معاملوں میں پانچ اعداد کی فہرست میں گجرات تیسرے مقام پر ہے ۔یہاں جموعی طور پر 12140 افراد کورونا کی زد میں آچکے ہیں،719کی موت ہوچکی ہے اور5043 اس بیماری سے شفایاب ہوئے ہیں۔قومی دارالحکموت دہلی کی بھی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ،یہاں بھی 24گھنٹوں میں 500نئے معاملے کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 10554ہوگئی ہے ۔یہاں اموات کی تعداد 168ہے ،جبکہ 4750افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔راجستھان میں کورونا مریضوں کی تعداد 5845 ہوگئی ہے ،یہاں 143افراد ہلاک اور 3337صحت یاب ہوئے ہیں۔