ملک میں کورونا کے کیسیس میںتیزی،3ہزار سے تجاوز

,

   

24گھنٹوں میں 4اموات ‘دہلی میں ایکٹوکیسز375سے زیادہ

نئی دہلی ۔یکم ؍ جون ( ایجنسیز )ملک میںکورونا کی رفتارتیز ہورہی ہے۔ ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد تین ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ ہفتہ کو وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد بڑھ کر 3395 ہوگئی ہے۔وہیں کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 افراد کی موت ہوئی ہے۔ ایسے میں احتیاط برتنا نہایت ضروری ہے۔وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کورونا کے کْل فعال معاملے 3395 پیں۔رواں سال کورونا سے 26افراد کی موت ہوچکی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں دہلی اور اوڈیشہ میں کورونا سے ایک۔ ایک شخص کی موت ہوئی ہے وہیں دہلی میں کورونا کے ایکٹو معاملوں کی تعداد بڑھ کر375ہوگئی ہے جبکہ مہاراشٹرا میں کورونا کے68 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں۔اوڈیشہ میں کورونا کے دو معاملے سامنے آئے ہیں۔اس طرح اوڈیشہ میں کورونا کے کل معاملے بڑھ کرسات ہو گئے ہیں۔ ریاست کے صحت سکریٹری اشوتھی ایس نے کل کہا کہ تمام مریضوں کی حالت مستحکم ہے۔انہوں نے عوام سے نہ گھبرانے کی اپیل کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ’آئی سی ایم آر کی تازہ رپورٹ کے مطابق موجودہ ویریئنٹ میں شدید علامات نظر نہیں آ رہے ہیں۔ زیادہ تر معاملات معمولی نوعیت کے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال مرکزی حکومت نے کوئی نئی ہدایات جاری نہیں کی ہیں، لیکن بدلتے ہوئے موسم کو پیش نظررکھتے ہوئے تمام شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔دہلی میں کورونا سے مرنے والے پہلے مریض کی شناخت ہو گئی ہے۔ سنیچر کے روز 60 سالہ خاتون کی کورونا سے موت ہو ئی تھی۔ وہ کئی عارضے میں مبتلا تھیں۔ علاج کے دوران جب ان کی جانچ کی گئی تو کوروناکی تصدیق ہوئی۔وہیں، اوڈیشہ میں بھی کورونا سے ایک بزرگ مریض کی موت کی اطلاع ہے۔ادھر، کرناٹک میں کوروناسے متاثرہ 63 سالہ شخص کی ایک نجی اسپتال میں موت ہو گئی۔ اس طرح ریاست میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ اس شخص کو کمزوری کی شکایت کے بعد 21 مئی کو بنگلورو کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔