ملک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کیلئے بی جے پی کی تیاریاں

   

پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں بل پیش کرنے کا منصوبہ ۔ ماہرین سے بھی مشاورت

حیدرآباد۔23اپریل (سیاست نیوز) مرکزی حکومت جولائی میں ہونے والے مانسون اجلاس میں ملک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کا بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی تیاری کرچکی ہے اور 22ویں لاء کمیشن کے اجلاس اور آئندہ ماہ رپورٹ کی پیشکشی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گذشتہ ہفتہ دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے سلسلہ میں تیاریوں کا جائزہ لیا تھا اور اجلاس میں قومی صدر بی جے پی مسٹر جے پی نڈا کے علاوہ آر ایس ایس کے بعض قائدین کو مدعو کیا گیا تھا ۔ اجلا س کے بعد جو صورتحال اور محکمہ جات کو ہدایات جاری کی جار ہی ہیں ان کا جائزہ لینے پر انکشاف ہوا کہ مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے دوران یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے سلسلہ میں بل پیش کرنے کی تیاری کرلی ہے اور مختلف شعبہ ہائے حیات کے ذمہ داروں سے مذاکرات کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی یہ تیاریاں انتخابات میں کئے گئے وعدہ پر عمل آوری ہے اور بی جے پی سنگھ کے اس ایجنڈہ کو قابل عمل بنانے تیزی سے پیشرفت کو یقینی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ 2024 عام انتخابات سے قبل ملک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق امیت شاہ نے اجلاس میں شریک عہدیداروں کو تاکید کی کہ وہ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کو عدالت میں چیالنج کرنے جیسی کوئی گنجائش باقی نہ رکھیں اور ضرورت پڑنے پر سرکاری وکلاء و ماہرین قانون سے مشاورت کی جائے۔ ملک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ میں مرکزی حکومت کی جانب سے ایوان میں بل کی مانسون اجلاس کے دوران پیشکشی کے منصوبہ کے بعد کہا جار ہاہے کہ اگر بی جے پی یکساں سیول کوڈ بل کو پیش کرتی ہے تو غیر مسلم طبقات کے علاوہ شمال مشرقی ریاستوں میں بھی بی جے پی کو شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لیکن بی جے پی کا کہناہے کہ ملک میں سب کیلئے یکساں قوانین کے نفاذ میں وہ عوام سے وعدہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اسی لئے انہیں کوئی خوف نہیں کہ عوام ان کے اس فیصلہ کی مخالفت کریگی بلکہ وہ عوام کے درمیان پہنچ کر اس کے فوائد سے واقف کروائے گی ۔