نئی دہلی :۔ ملک میں کورونا کی دوسری لہر اور مریضوں کی تعداد اور اموات میں مسلسل اضافہ کے بیچ حکومت نے 18 تا 44 سال عمر کے افراد میں ٹیکہ اندازی کا آج آغاز کیا ۔ مرکزی حکومت نے 19 اپریل کو اس کا اعلان کیا تھا جس کے بعد آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی تھی ۔ حکومت نے کہا تھا کہ 18 سے زیادہ عمر کے تمام افراد ویکسین کے لیے اہل ہوں گے ۔ اس مقصد کے لیے مرکز نے ریاستی حکومتوں اور خانگی ہاسپٹلس کو ویکسین کی خریداری کی اجازت دی تھی ۔ وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق جمعہ کی رات 9-30 بجے تک 2.45 کروڑ افراد نے تیسرے مرحلے کی ٹیکہ اندازی کی مہم کے لیے رجسٹریشن کروایا ہے ۔ کئی مقامات سے ویکسین کی قلت کی شکایت وصول ہوئیں ہیں جب کہ بعض ریاستوں نے کہا کہ ویکسین کی قلت کے باعث وہ اس مہم کے آغاز سے قاصر ہیں جب کہ کئی ریاستوں نے اس کی قلت کی شکایت کی ہے ۔ دہلی سمیت ملک کے کئی مراکز پر محدود پیمانے پر ٹیکہ اندازی کی تیسری مہم کا آغاز ہوا ۔ اپولو ہاسپٹل کے ذرائع نے بتایا کہ حیدرآباد اور کلکتہ کے اس کے مراکز پر ٹیکہ اندازی کا آغاز ہوا لیکن دہلی میں وہ ٹیکہ اندازی نہیں کرسکے کیوں کہ انہیں ویکسین کے آمد کا انتظار تھا ۔ دیگر کئی خانگی ہاسپٹلس نے ویکسین کی قلت اور کمی کی شکایت کی ہے ۔ فارٹیز ہیلت کیر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ 18 سے 44 سال کے افراد کو کوویکسین 1250 روپئے میں دی جارہی ہے۔ حکومت کی جانب سے 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ویکسین لینے کی مسلسل ترغیب دی جارہی ہے تاکہ ملک میں کورونا وبا پر قابو پایا جاسکے ۔۔