ملک میں 60 فیصد کورونا مریضوں کا تعلق مرکز نظام الدین سے

   

ریاستوں سے بھرپور تعاون ، مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کا بیان

حیدرآباد۔25 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سنجیدگی سے قدم اٹھا رہی ہے۔ بعض شہروں اور ٹاؤنس میں کورونا پازیٹیو کے زیادہ تر کیس منظر عام پر آئے ہیں۔ اس کی اہم وجہ نئی دہلی میں نظام الدین مرکز کا دورہ کرنے والے افراد ہیں۔ مرکز سے نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک کی دیگر ریاستوں کو یہ لوگ واپس ہوئے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ملک میں 60% کورونا کیسیس مرکز سے واپس آنے والے افراد میں پائے گئے ہیں۔ ریاستوں سے مکمل تعاون کرنے کیلئے مرکزی ٹیموں کو روانہ کیا گیا ہے اور ریاستوں سے صلاح و مشورہ کے ساتھ کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کی صورت میں سنگین نوعیت کے معاملات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معمولی بخار کی صورت میں خوف و دہشت کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کے آروگیہ سیتو ایپ میں تمام تر معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے عوام کورونا کے بارے میں جانکاری حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی ڈاکٹرس نے انسانی خدمت کے جذبہ کے تحت کورونا متاثرین کیلئے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ انہوں نے لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے والی رضاکارانہ تنظیموں کی ستائش کی۔ ہر اسمبلی حلقہ میں کسی بھی بیماری کی صورت میں ڈاکٹر سے فون پر طبی مشورہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مختلف محکمہ جات میں ڈاکٹرس کا انتظام کیا گیا۔ کشن ریڈی نے بی جے پی میڈیکل سیل کی جانب سے تیار کردہ میڈیکل پورٹل کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے سلسلے میں ضعیف افراد خواتین اس پورٹل کے ذریعہ طبی معلومات اور مشورے حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کورونا متاثرین کیلئے بی جے پی کارکنوں کی خدمات کی ستائش کی۔