حیدرآباد۔ ہندستان کو پائلٹ کی تربیت کے مرکز کے طور پر دنیابھر میں منفرد شناخت فراہم کرنے کے اقدامات کے طور پر مرکزی وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے ملک میں 8نئے فلائنگ ٹریننگ اکیڈیمی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ملک بھر میں 5ائیر پورٹس میں 8نئی اکیڈیمی قائم کی جائیں گی جن میں کرناٹک میں بیلگاوی و کلابرگی (گلبرگہ) ‘ مہاراشٹرا میں جلگاؤں ‘ مدھیہ پردیش میں کھجوراہو‘اورآسام میں لیلابری میں یہ اکیڈیمی قائم کئے جانے کو منظوری دی گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ طیاروں کو اڑانے کی تربیت فراہم کرنے اور پائلٹ کی تیاری کے لئے اکیڈیمیوں کے قیام کا منصوبہ موسم‘ فضائی ٹریفک ‘ ملٹری ٹریفک اور دیگر امور کو نظر میں رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔وزارت شہری ہوا بازی کے ذرائع کے مطابق ہندستان میں فضائی تربیت کے لئے قائم کی جانے والی ان اکیڈیمیوں کے ذریعہ پائلٹس کی تربیت کے ذریعہ ہندستان کو پائلٹس کی ضرورت کو پورا کرنے کے مرکز میں تبدیل کیا جاسکے گا علاوہ ازیں ملک کے اطراف موجود پڑوسی ممالک کے خواہشمندوں کو بھی ان اکیڈیمیوں سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرنے کی گنجائش رہے گی۔ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے بعدملک بھر میں پائلٹس کی تربیت کے مراکز میں اضافہ کے سبب اس شعبہ میں مواقع اور دلچسپی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔