نکلس روڈ اور گاندھی بھون میں جینتی تقاریب ، بھٹی وکرمارکا ، پونالہ لکشمیا ، محمد علی شبیر اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کو 102 ویں جینتی کے موقع پر پردیش کانگریس کمیٹی نے خراج عقیدت پیش کیا۔ نکلس روڈ پر واقع اندرا گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے اور گاندھی بھون میں پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے گئے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق پی سی سی صدور پونالہ لکشمیا ، وی ہنمنت راؤ ، سابق سی ایل پی لیڈر محمد علی شبیر ، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار ، اے آئی سی سی ترجمان ڈی شراون ، ایس کے افضل الدین ، سابق ڈپٹی میئر ڈی راج کمار ، سید واجد حسین ، عظمیٰ شاکر ، جی نرنجن ، یوسف ہاشمی اور دیگر قائدین نے سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کیلئے ان کی قربانیوں کو یاد کیا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ وزیراعظم اور کانگریس پارٹی کی صدر کی حیثیت سے اندرا گاندھی کروڑہا عوام کیلئے ماں کا درجہ رکھتی تھیں۔ انہوں نے غریبوں کی بھلائی کو اولین ترجیح دی ، ان کے دور حکومت میں غریبی کے خاتمہ اور سماج کے کمزور طبقات کیلئے مختلف اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد غربت کے خاتمہ کیلئے پہلی مرتبہ آنجہانی اندرا گاندھی نے 20 نکاتی پروگرام شروع کیا تھا ۔ اس کے علاوہ بینکوں کو قومیانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے ذریعہ غریبوں کو بینک سے قرض کی فراہمی یقینی ہوئی ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ملک میں زرعی اصلاحات کے ذریعہ غریبوں کو اراضی الاٹ کرنے کا کام اندرا گاندھی نے کیا تھا ۔ محمد علی شبیر نے آنجہانی قائد کو آئرن لیڈی قرار دیا اور کہا کہ اندرا گاندھی نے ہندوستان کو نیوکلیئر طاقت کی حیثیت سے دنیا میں شناخت بنائی۔ ہندوستان دنیا میں نیوکلیئر طاقت رکھنے والا چھٹواں ملک بن گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کئے جارہے ہیں لیکن آنجہانی اندرا گاندھی نے بنگلہ دیش کے قیام کا کارنامہ انجام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ غریب ، کمزور طبقات اور اقلیتیں اندرا گاندھی کو کبھی فراموش نہیں کرپائیں گی۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی نے ہمیشہ کمزور طبقات کو سماج میں بہتر مقام دلانے کا فیصلہ کیا تھا اسی کے تحت انہوں نے کئی اسکیمات شروع کیں۔