نئی دہلی 3 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج وزیر داخلہ امیت شاہ پر ایک سازشی اور تقسیم پسندانہ ایجنڈہ ملک پر نافذ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ 1947 جیسی صورتحال پیدا کر رہے ہیں۔ کانگریس نے امیت شاہ سے کہا کہ وہ اور وزیر اعظم نریندرمودی مسلسل اپوزیشن کو نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ این ڈی اے کی حلیف اور بی جے پی کے چیف منسٹرس بھی شہریت ترمیمی قانون کو قبول نہیں کر رہے ہیں۔ کانگریس ترجمان رندیپ سرجیوالا نے ٹوئیٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے امیت شاہ اور مودی سے کہا کہان دونوں کو عوامی فلاح و بہبود اور روزگار فراہم کرنے اقتدار دیا گیا ہے لیکن وہ راہول گاندھی جیسے اپوزیشن قائدین کو ہی نشانہ بنانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کی حلیف جماعتیں اور بی جے پی کے چیف منسٹرس بھی سی اے اے جیسے تقسیم پسندانہ قانون کو قبول نہیں کر رہے ہیں لیکن مودی ان کا غصہ اپوزیشن جماعتوں پر نکال رہے ہیں۔
