پولیس انسپکٹر پرکاش ریڈی پر مجلس کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کا الزام ، الیکشن کمیشن اور کمشنر پولیس سے شکایت
حیدرآباد : /24 نومبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے کانگریس پارٹی کے امیدوار شیخ اکبر جو پلٹن کی مسجد عثمانیہ کے پاس بعد نماز جمعہ مصلیوں سے ملاقات کررہے تھے انہیں چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وائی پرکاش ریڈی نے انہیں روک دیا ۔ پولیس عہدیدار کے اس رویہ کے خلاف کانگریس امیدوار نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے جانبدارانہ رویہ کا الزام عائد کیا ۔ جمعہ کے موقع پر ملک پیٹ حلقہ کے کانگریس پارٹی کے امیدوار شیخ اکبر عوام سے ملاقات کیلئے مسجد عثمانیہ پلٹن پہنچے تھے اور نماز کی ادائیگی کے بعد عوام سے ملاقات کررہے تھے کہ چادر گھاٹ انسپکٹر نے انہیں ملاقات کرنے سے روک دیا اور انہیں جبراً جانے کیلئے مجبور کردیا ۔ پولیس کے اس رویہ پر شیخ اکبر نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چادر گھاٹ انسپکٹر وائی پرکاش ریڈی مجلسی ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں اور جبکہ مسجد کے امام نے مجلس پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی کھلے عام اپیل کی اور مصلیوں سے دعا کیلئے درخواست کی ۔ شیخ اکبر نے پولیس کی جانب سے مصلیوں سے ملاقات کیلئے رکاوٹ پیدا کرنے پر کہا کہ مذہبی مقامات کے اندر بھی سیاسی جانبداری درست نہیں ہے جبکہ پولیس اس کے خلاف بھی کارروائی کرے ۔ انسپکٹر چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن وائی پرکاش ریڈی نے کانگریس کے امیدوار شیخ اکبر کو مسجد کے باہر نکلتے ہی انہیں وہاں سے روانہ ہونے کیلئے زبردستی کی اور مبینہ طور پر بدسلوکی کی ۔ پولیس انسپکٹر کے اس رویہ کے خلاف کچھ دیر کیلئے پلٹن علاقہ میں ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی تھی ۔ شیخ اکبر نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے پولیس انسپکٹر کے اس جانبدارانہ رویہ اور مجلس کے ایجنٹ کی طرز پر کام کرنے پر ان کے خلاف الیکشن کمیشن اور پولیس کمشنر سے بھی شکایت کی ہے ۔