ملک پیٹ کے سلم اور غریب بستیوں میں کانگریس امیدوار شیخ اکبر کی انتخابی مہم

   

سی پی آئی اور دیگر عوامی تنظیموںکی تائید، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا تیقن
حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس پارٹی امیدواروں کو عوامی تائید میں اضافہ نے حریف پارٹیوں کے ہوش اُڑادیئے ہیں۔ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ جو کبھی بائیں بازو جماعتوں کا گڑھ مانا جاتا تھا وہاں کانگریس پارٹی نے قدم جمانے کی کوشش کی ہے اور سی پی آئی کے علاوہ مختلف عوامی تنظیموں نے کانگریس کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ ملک پیٹ اسمبلی حلقہ کا چناؤ سابق میں کانگریس کیلئے فائدہ مند ثابت نہیں ہوا لیکن ریاست بھر میں کانگریس کے حق میں لہر کا اثر ملک پیٹ میں دیکھا جارہا ہے۔ ملک پیٹ جہاں سابق ارکان پارلیمنٹ کے ایم خاں، دھرما بھکشم اور ایس سدھاکر ریڈی نے اپنے وجود کا احساس دلاتے ہوئے عوام کی خدمت کی تھی آج وہی حلقہ کانگریس پارٹی کے لئے سیاسی طور پر فائدہ مند دکھائی دے رہا ہے۔ کانگریس نے اس مرتبہ ایک تاجر شیخ اکبر کو میدان میں اُتارا ہے جو انتخابی مہم میں دیگر پارٹی امیدواروں سے آگے دکھائی دے رہے ہیں۔ کانگریس کی اعلان کردہ 6 ضمانتوں کی موثر انداز میں تشہیر کرتے ہوئے شیخ اکبر غریبوں کی تائید حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ روزانہ صبح اور شام ملک پیٹ کے سلم اور غریب بستیوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کررہے ہیں اور رکن اسمبلی منتخب ہونے پر طویل عرصہ سے زیر التواء ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا وعدہ کررہے ہیں۔ شیخ اکبر نے سی پی آئی کے مقامی قائدین کے علاوہ کانگریس کے سینئر اقلیتی قائدین کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔ ملک پیٹ کی تازہ ترین صورتحال میں کانگریس پارٹی اپنی حریف مقامی جماعت مجلس کو کانٹے کی ٹکر دینے کے موقف میں ہے۔ علاقہ میں بنیادی سہولتوں کی کمی اور فلاحی اسکیمات کے فوائد سے محرومی کے نتیجہ میں کانگریس امیدوار شیخ اکبر کو عوامی تائید حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے آج موسی ندی کے کنارے واقع سلم علاقوں کا دورہ کیا اور رائے دہندوں سے گھر گھر پہنچ کر ملاقات کی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ تجارتی سرگرمیوںکو ترک کرتے ہوئے خالص عوام کی خدمت کے جذبہ کے تحت انتخابی میدان میں ہیں۔ ملک پیٹ میں مسلم رائے دہندوں کی آبادی تقریباً 40 فیصد ہے اور اکثریتی طبقہ کے ووٹ کی تقسیم کا مجلس کو فائدہ ہوتا رہا ہے۔ کانگریس امیدوار نے دعویٰ کیا کہ انہیں تمام طبقات کی مکمل تائید حاصل ہورہی ہے اور وہ ملک پیٹ میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات کریں گے۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ ملک پیٹ میں سی پی آئی کا کیڈر کانگریس کی مکمل طور پر تائید کررہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک پیٹ کے رائے دہندے اس مرتبہ تبدیلی کے حق میں فیصلہ کریں گے۔