بماکو ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مالی کے صدر ابراہیم ابوبکر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی فوج کا ساتھ دیں اور عسکریت پسندوں کے خونریز حملوں کو ناکام کریں جن کے تازہ ترین حملہ میں زائد از 40 فوجی ہلاک ہوگئے ۔ صدر نے انڈیلمانی میں واقع فوجی اڈہ پر جمعہ کو ہوئے حملہ میں مہلوک فوجیوں کے احترام میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ انڈیلمانی ملک کے شمال مشرقی علاقہ میں نائیجر کی سرحد کے قریب واقع ہے ۔ صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ آج ملک کو سنگین حالات کا سامنا ہے جہاں ملک کا استحکام اور وجود خطرہ میں پڑگیا ہے اور اب قومی اتحاد ہی وقت کی ضرورت ہے اور ملک کی فوج کے ساتھ بھی اظہار یگانگت کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے تاکہ عسکریت پسندوں کو کچلا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بیرون ممالک جیسے فرانس ، افریقہ اور اقوام متحدہ کی افواج کے تعاون کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔