٭ وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات 26 ڈسمبر کو سورج گہن کا مشاہدہ کیا ۔انہوں نے ٹوئیٹ میں بتایا کہ دہلی میں بادل چھائے رہے جس کی وجہ سے وہ سورج گہن کا کچھ خاص مشاہدہ نہیں کرپائے لیکن لائیو اسٹریم کے ذریعہ کیرالا کے کوزی کوڈ سے سورج گہن دیکھنے کا موقع ملا۔وزیراعظم نے مخصوص عینک لگاکر سورج گہن کا مشاہدہ کرتے ہوئے اپنی تصاویر ٹوئیٹ کئے ۔ یہ ٹوئیٹ اپوزیشن کانگریس کیلئے معقول ’ہتھیار‘ ثابت ہوئے اور پارٹی نے پی ایم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ نہایت سنگین مسئلہ پر ملک کشیدہ صورتحال سے دوچار ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ مودی کو کچھ فکر نہیں اور وہ تفریحی مشغلہ میں مگن ہیں۔ پارٹی نے ٹوئیٹ کیا کہ ملک جل رہا ہے لیکن مودی نے جو تصویر شیئر کی ہے ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں ملک کے حالات سے کچھ سروکار نہیں۔ کانگریس نے کہا کہ وزیراعظم کی تصویریں مذاق موضوع بن گئی ہیں۔
