ملک کو بدنام کرنے کی سازش ، ملک کا تحفظ کرنا عوام کی ذمہ داری

   

حکومت تلنگانہ کی دعوت افطار ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔29اپریل(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے کہاکہ توڑ پھوڑ کرنا بہت آسان ہے مگر کسی چیز کی تعمیر مشکل ہے اور اس مشکل کام کو انجام دینا ہی بڑی بات ہے ‘ اللہ تعالی‘ بھگوان ‘ ہے جو سب سے بڑی طاقت ہے ‘ کچھ لوگ توڑ پھوڑ کو ترجیح دے رہے ہیںمگر وہ اس بات کو بھول رہے ہیں کہ ان سے بھی بڑی طاقت اوپر والا ہے۔ انہوں پڑوسی ریاست کرناٹک کے درالحکومت بنگلور کا حوالہ دیا او رکہاکہ سلیکان ویلی کہلایاجانے والے شہر پر فرقہ پرستی کے بادل منڈلارہے ہیں۔ کے سی آر نے کہاکہ یقینا چند طاقتیں ہیں جو ملک کو مزید کمزوری کے دہانے پر لے جانے کی سازشیں کررہے ہیں۔اگرملک کو بدنام کرنے یا خراب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں تو اس کو روکنے کی تمام ذمہ داری سارے ملک کی عوام پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ اقلیتی تعلیمی ادارہ جاتی سوسائٹی کے تحت چلائے جانے والے تعلیمی اداروں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ مسلم اقلیت کی تعلیم سے جوڑنے کے لئے سوسائٹی کی جانب سے کی جانے والی کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔ سارے ملک میںاسی طرز کے تعلیمی نظام کو رائج کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ تلنگانہ میں فی کس آمدنی سال2014ایک لاکھ سے زائد تھی مگر اب یہ دولاکھ سے زائد ہے ۔ تلنگانہ کا جی ایس ٹی11.5لاکھ کروڑ ہے جوساڑھے چودہ لاکھ ہونا چاہئے تھا مگر مرکز کی کمزوری کی وجہہ سے یہ نقصان تلنگانہ کو بھگتنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہاکہ نصف مدد بھی تلنگانہ کو مرکز سے حاصل نہیںہورہی ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمودعلی نے خطاب کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کے سکیولرازم کی ستائش کی اور کہاکہ سارے ملک میں کے چندرشیکھر رائو جیسی عظیم سکیولر شخصیت موجود نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت کے کارناموں ‘ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے اقدامات‘ تمام طبقات کے لئے یکساں تعلیمی نظام ‘ سہولتوں اور تحفظات کی فراہمی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا اور کہاکہ ریاست تلنگانہ کی بے مثال ترقی چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کے دوراندیش فیصلوں کی مرہون منت ہے۔ وزیراقلیتی بہبودکے ایشوار نے کے چندرشیکھر رائو‘ کے علاوہ وزراء‘ اراکین اسمبلی‘ اراکین پارلیمان‘ مذہبی قائدین ‘ علمائوں ‘ دانشواروں اوردیگر شرکاء کا دعوت افطار میں خیر مقدم کیا۔ حافظ صابر پاشاہ کی قرآت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا اور ممتا ز نعت خواں شاعر ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری‘ قاضی انجم عارفی نے بارہ گاہ الہی اوربارگارہ سروردوعالم ؐ میںمنظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔چیف منسٹر کی آمد پر انیس الغرباء کے طالبات اورٹی ایم آر ای ایس کے اسٹوڈنٹس میں انعامات اور عطیات کی تقسیم چیف منسٹر کے ہاتھوں عمل میںلائی گئی ۔ اسدالدین اویسی صدر مجلس‘ چیرمن ٹی آئی ایم آر ای ایس وریٹائرڈ آئی پی ایس اے کے خان ‘ اراکین اسمبلی ایم گوپی ناتھ‘ دانم ناگیندر ‘ مولانا قبول پاشاہ شطاری‘ مولانا مفتی خلیل احمد‘ مولانا حامد محمد خان ‘ڈاکٹرنثار حسین حیدرآغا‘ سید محمود شہاب الدین کاشف‘ حضرت سید محمود بدرالدجی منوری المظاہری ‘میر عنایت علی باقری‘ محمد اعظم علی خرم ‘ بابا فصیح الدین ‘ چیر من تلنگانہ اقلیتی مالیتی کارپوریشن امتیاز اسحاق‘چیف سکریٹری ایم سومیش کمار‘ آئی اے ایس سید ندیم احمد‘ شاہنواز قاسم کے علاوہ دیگرمذہبی ‘ سیاسی اور سماجی سرکردہ شخصیات موجودتھے۔