سابق چیف منسٹر کو راہول گاندھی کے خراج پر شرمیلا کا جوابی ٹوئیٹ
حیدرآباد 8 جولائی (سیاست نیوز) وائی ایس آر ٹی پی کے کانگریس میں انضمام کی راہیں ہموار ہونے لگی ہیں اور سابق چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی دختر وائی ایس شرمیلا جلد ہی کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گی! ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے یوم پیدائش پر کانگریس قائد راہول گاندھی نے ٹوئیٹر کے ذریعہ انہیں خراج عقیدت پیش کرکے انہیں دوراندیش اور اپنے عوام کیلئے فکر کرنے والے قائد کی حیثیت سے یاد کیا اور کہا کہ ڈاکٹر ریڈی نے آندھراپردیش کے عوام کی بہتری کیلئے خدمات انجام دی ہیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ راہول گاندھی نے ڈاکٹر راج شیکھرریڈی کی خدمات کو خراج پیش کرکے تصویر بھی شئیر کی جس کے جواب میں وائی ایس شرمیلا نے راہول گاندھی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان کے والد اور تلگو عوام کے قائد کیلئے راہول کے الفاظ انتہائی متاثر کن اور حقیقت پر مبنی ہیں۔ شرمیلا نے اپنے جوابی ٹوئیٹ میں کہا کہ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی ہمیشہ کانگریس سے وابستہ قائد رہے اور انہوں نے تلگو عوام کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جان دے دی۔ وائی ایس آر ٹی پی سربراہ نے کہا کہ ملک کو راہول گاندھی کی قیادت میں ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی جیسی طرز حکمرانی کا انتظار ہے جو کہ عوام کی فلاح و بہبود پر مبنی تھی۔ وائی ایس شرمیلا نے اپنے ٹوئیٹ کے بین السطور میں راہول گاندھی کی قیادت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات سے بے حد متاثر ہوئی ہیں کہ راہول گاندھی کے دل میں اب بھی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی یادیں تازہ ہیں۔راہول گاندھی کے ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے یوم پیدائش پر کئے گئے ٹوئیٹ کے جواب میں ڈاکٹر ریڈی کی دختر مسز وائی ایس شرمیلا کے جوابی ٹوئیٹ سے یہ بات واضح ہونے لگی ہے کہ وہ اب وائی ایس آر ٹی پی کو کانگریس میں ضم کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں اور کانگریس قائد راہول گاندھی کی قیادت میں کام کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔م