ملک کو سنجیدہ حکمراں کی ضرورت : کے ٹی آر

   

عوام مودی حکومت سے نالاں ، کانگریس سے بیزار ، نلگنڈہ میں جلسہ عام سے خطاب

نلگنڈہ ۔ 16 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ملک کے مسائل آزادی کے بعد بھی جوں کے توں برقرار ہے ، کانگریس میں جوش نہیں ، بی جے پی میں ہوش نہیں ہے ملک کو سنجیدہ حکمران کی ضرورت ہے ۔ ریاستی پارٹیوں پر مشتمل تیسرے محاذ کو اکثریت حاصل ہونے پر مسائل کی یکسوئی ممکن ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ صرف 2 ارکان پارلیمنٹ سے ہی علحدہ ریاست حاصل کیے اگر 16 اور اس کی تائید جماعت کی کامیابی حاصل ہونے پر ریاست اور ملک کس طرح ترقی یافتہ ہوگی یہ عوام بخوبی جانتی ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے لیے پارٹی کے اعلیٰ اور بوتھ سطح کے قائدین کی محنت و لگن اور جستجو سے کام کرنے پر ہی پارٹی اپنا نشانہ حاصل کرسکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کارگزار صدر و سابقہ وزیر مسٹر کے تاراک راما راؤ نے آج حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ میں پارٹی کارکنوں و قائدین اور عوامی جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ این ڈی اے بی جے پی سرکار کو ملک کی عوام نے 2014 میں بھاری اکثریت سے کامیابی دلائی لیکن وزیراعظم نریندر مودی عوام کی توقعات اور خوابوں کو مکمل کرنے میں یکسر ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ ملک کی عوام جہاں موجودہ مرکزی سرکار سے نالاں ہوگئی ہے وہیں پر کانگریس کی یو پی اے سے بھی بیزار ہے ۔ ایسے میں عوام ریاستی پارٹیوں کو ترجیح دے رہی ہے ۔ انہوں نے مرکزی سرکار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی فوج پر دہشت گرد حملہ پر کوئی ردعمل نہیں کیا گیا بلکہ وزیراعظم پارٹی کی ریالیوں اور جلسوں کو منعقد کروا رہے تھے ۔ دوسری طرف کانگریس پارٹی اس حملے پر سیاست کرنا چاہتی تھی لیکن کے سی آر نے تمام سرکار و پارٹی پروگراموں کو منسوخ کردیا اور ان کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کی ۔ کارگذار صدر نے کہا کہ قومی چیانلوں میں مختلف سروے رپورٹ پیش کی جارہی ہے کسی بھی رپورٹ میں این ڈی اے اور یو پی اے کو اکثریت حاصل نہیں ہوتی دکھائی دی ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ضلع میں آبپاشی کے مسائل کی یکسوئی پر حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور تمام پراجکٹوں کو مکمل کرلیا جائے گا ۔ قبل از ریاستی وزیر تعلیم مسٹر کے جگدیش ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی فلاحی اسکیمات سے متحدہ ضلع میں 12 اسمبلی حلقوں میں پارٹی کو 9 پر کامیابی حاصل ہوئی ۔ ریاست کے ٹی آر کی نگرانی میں انفارمیشن ٹکنالوجی میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے ۔ مسٹر جی سیکھندر ریڈی نے حلقہ لوک سبھا سے ٹی آر ایس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی خواہش کی ۔ اس جلسہ میں ارکان اسمبلی مسرز کے بھوپال ریڈی ، این بھاسکر راؤ ، این نرسمہا ، اے رویندر کمار ، ارکان قانون ساز کونسل مسرز پی راجیشور ریڈی ، کے پربھاکر ، اے ودیا ساگر ، اقلیتی قائدین محمد عزیز الدین بشیر ، نرنجن ولی ، رحمت اللہ ، جمال قادری و دیگر موجود تھے ۔۔