ملک کو لوٹنے والوں کا ساتھ دینا انتہائی تشویشناک :کجریوال

   

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ ایک ایسے ملک کا وزیر اعظم جو اچھی تعلیم اور علاج فراہم کرنے والوں کو جیلوں میں ڈال دے اور ملک کو لوٹنے والوں کا ساتھ دے تو یہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ہولی پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ جس ملک کا وزیر اعظم اچھی تعلیم اور علاج فراہم کرنے والوں کو جیل میں ڈالتا ہے اور ملک کو لوٹنے والوں کا ساتھ دیتا ہے تو یہ ملک کیلئے بہت تشویشناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ منیش سیسوڈیا اور ستیندر جین کی گرفتاری سے پریشان نہیں ہیں۔ وہ ملک کے حالات سے پریشان ہے ۔ سیسوڈیا نے ملک کو تعلیم دی، جب کہ جین نے صحت کا ماڈل دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہیں ایک شخص نے ملک کو لوٹا۔ وزیر اعظم مودی اس شخص کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال بعد ایک شخص آیا جس نے سرکاری اسپتالوں کی حالت بدل دی۔ ہر گلی میں محلہ کلینک بنا کر ہر گھر تک اچھا اور مفت علاج پہنچایا۔ دوسری طرف ایک ایسا شخص ہے جس نے ہندوستان کے عوام کے خون پسینے کی کمائے اربوں روپے لوٹ لئے ۔ بینکوں اور ایل آئی سی کا پیسہ ڈبو دیا۔ وزیر اعظم مودی نے منیش سیسوڈیا اور ستیندر جین جیسے محب وطن لوگوں پر جھوٹے مقدمے لگا کر انہیں جیل میں ڈال دیا اور ملک کو لوٹنے والے کو گلے لگا لیا۔