نئی دہلی :ملک میں گزشتہ کچھ دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے کے بعد اب یہ کیسز ہزار سے کم ہو کر سیکڑوں تک پہنچ گئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے میں انفیکشن کے 549 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں، جبکہ تین مریض جان کی بازی ہار گئے ۔اس دوران ملک میں کورونا ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 1433 افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے اور اب تک ملک میں 2206601276 افراد کا ویکسینیشن کیا جاچکا ہے ۔متاثرہ افراد کی تعداد 44987891 ہو گئی ہے ۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 513 کم ہو کر 6591 پر آگئی۔ مرنے والوں کا اعدادوشمار بڑھ کر 531849 ہو گیا ہے ۔ اسی عرصے میں کورونا انفیکشن سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1059 بڑھ کر 44449451 تک پہنچ گئی ہے ۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران میگھالیہ میں ایکٹو کیسز کی تعداد میں چار کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ اروناچل پردیش میں تین، لداخ میں دو اور جھارکھنڈ میں ایک کیس بڑھا ہے ۔اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کیرالہ میں سب سے زیادہ 165 کورونا کیسز میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران آندھرا پردیش، بہار، چنڈی گڑھ، چھتیس گڑھ، دہلی، گوا، گجرات، ہریانہ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، کرناٹک، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، میزورم، ناگالینڈ، اڈیشہ، پڈوچیری، پنجاب، راجستھان، سکم، تمل ناڈو، تلنگانہ، تریپورہ، اتراکھنڈ، اتر پردیش اور مغربی بنگال میں کورونا کے کیسز میں کمی پائی گئی۔ وہیں مہاراشٹر، تریپورہ اور مغربی بنگال میں بالترتیب ایک ایک شخص کی اس بیماری سے موت ہوگئی۔