لوک سبھا میں کانگریس قائد راہول گاندھی کا وزیراعظم مودی پر طنز
نئی دہلی : کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج پارلیمنٹ میں مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مودی ’’ہم دو، ہمارے دو‘‘ کی پالیسی پر حکومت چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی نوٹ بندی، جی ایس ٹی، لاک ڈاؤن اور حالیہ تین زرعی قوانین میں نظر آتی ہے جن کو ستمبر میں پارلیمنٹ میں منظور کیا گیا۔ اس کے خلاف کسان ملک بھر میں احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت حکومت نے ’’ہم دو، ہمارے دو‘‘ کے نعرے کو نئے معنی دیئے ہیں۔ راہول نے کہا کہ ملک کو چار افراد چلا رہے ہیں، ’’ہم دو ، ہمارے دو ‘‘۔کانگریس قائد نے حکومت پر اپنے اس طنز میں کسی کا نام نہیں لیا اور کہا کہ ہر کوئی انہیں جانتا ہے۔ کانگریس کا احتجاج صرف احتجاج نہیں ہے بلکہ یہ کئی افراد کیلئے اپنے بقاء کی جدوجہد ہے۔ آپ یہ سمجھتے ہیں کہ کسانوں کا احتجاج ہے لیکن یہ بات غلط ہے بلکہ یہ ہندوستان کا احتجاج ہے، کیونکہ زرعی قوانین نہ صرف کسانوں کو تباہ کریں گے بلکہ درمیانی آدمی کو ختم کریں گے اور اس کا چھوٹے دکانداروں اور تاجرین پر تباہ کن اثر ہوگا۔ اس طرح ہندوستانی کی دیہی معیشت برباد ہوجائے گی۔