ملک کیلئے خدمات انجام دینے والے فوجی پر تنقید افسوسناک، سرینواس یادو زبان قابو میں رکھیں، کانگریس قائدین کا انتباہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔8۔ مئی(سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی اور سابق رکن کونسل راملو نائک نے وزیر اینمل ہیسبنڈری سرینواس یادو کی جانب سے پی سی سی صدر اتم کمار ریڈی کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کی مذمت کی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان قائدین نے کہا کہ بروکرس اور جوکرس جیسے گھٹیا الفاظ کا استعمال کسی وزیر کو زیب نہیں دیتا۔ اپوزیشن کو علی بابا 40 چور کہنا جمہوریت کی توہین ہے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ اتم کمار ریڈی ہندوستانی فضائیہ میں کیپٹن رہے اور ملک کے لئے خدمات انجام دی ۔ ایسی شخصیت کے بارے میں گھٹیا الفاظ کا استعمال ناقابل برداشت ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اپوزیشن کو نشانہ بنانے کیلئے نچلی سطح کی سیاست پر اتر آئے ہیں۔ ایک سپاہی کو تنقید کا نشانہ بنانا افسوسناک ہے جبکہ چیف منسٹر کے سی آر ملک کیلئے قربانی کی کوئی مثال پیش نہیں کرسکتے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ تلنگانہ کا حصول صرف کے سی آر خاندان کی بھلائی کیلئے نہیں تھا۔ عوامی قربانیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ تشکیل پایا لیکن اقتدار کے فوائد کے سی آر خاندان اٹھارہا ہے۔ راملو نائک نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیت سے تعلق رکھنے والے وزراء کا کوئی مقام نہیں ہے۔ انہیں کبھی بھی چیف منسٹر اپنے ساتھ نہیں رکھتے۔ ٹی آر ایس پارٹی ایک پرائیوٹ لمٹیڈ کمپنی میں تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کو چیلنج کیا کہ وہ عثمانیہ یونیورسٹی کا دورہ کر کے دکھائیں۔ چیف منسٹر بننے سے قبل اور آج کے اثاثہ جات کی تفصیلات پیش کی جائے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر کا ون مین شو چل رہا ہے۔ پارٹی میں وزراء اور ارکان اسمبلی کا کوئی مقام نہیں ہے۔ انہوں نے سرینواس یادو کو چیلنج کیا کہ وہ عوامی مسائل پر چیف منسٹر کے روبرو اظہار خیال کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی نے 16 برس کی عمر میں نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی میں شمولیت اختیار کی۔ چین اور پاکستان کی سرحد پر ملک کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وزراء کو اپنی زبان قابو میں رکھنی چاہئے ورنہ کانگریس پارٹی مناسب انداز میں جواب دے گی۔