عادل آباد میں تقریب، ضلع کلکٹر سکتاپٹنائک کی شہدا کے افراد خاندان سے بات چیت
عادل آباد ۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کی حفاظت کی خاطر ملک کی سرحد پر شہید ہونے والے فوجی جوانوں کے علاوہ ملک کے مختلف اضلاع میں امن و امان کی بقاء قومی یکجہتی کو برقرار رکھنے کی غرض سے مرنے والے پولیس جوانوں کو عادل آباد ضلع کلکٹر سکتاپٹنائک ضلع ایس پی اودے کمار ریڈی کے علاوہ دیگر پولیس عہدیداروں نے اپنا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یوم شہدا کے موقع پر انہیں سلامی پیش کی اور ان کے لئے دو منٹ کی خاموشی بھی منائی، مستقر عادل آباد کے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں منعقد تقریب میں جاریہ سال ملک میں شہید ہونے والے پولیس جوان اور فوجیوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ ان کے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے شہدا کے افراد خاندان سے ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی نے ملاقات کرتے ہوئے ان سے گفت و شنید کیا اور انہیں حکومت کی جانب سے فراہم ہونے والی تمام سہولتوں سے استفادہ پہنچانے کا تیقن دیا جبکہ اس موقع پر شہدا کے افراد خاندان میں تحفے بھی فراہم کئے گئے۔ اس تقریب میں پی او آئی ٹی ڈی اے مسٹر ورون ریڈی، اے ایس پی اوٹنور ہرش وردھن، ایڈیشنل ایس پی مسرس ایس سرینواس راؤ، سی سمئے من راؤ، ڈی ایس پیز میں وی رویندرا، راما مہیشور راؤ، اے ڈی یونس علی، وینکٹیشورلو و دیگر موجود تھے۔