مختلف ریاستوں میں اسٹامپ پیپر و رجسٹریشن سے آمدنی میں گراوٹ ریکارڈ
حیدرآباد۔9 ڈسمبر(سیاست نیوز) ملک کی ابتر معاشی صورتحال کا اثر جنوبی ہند کی ریاستوں پر ہونے لگا ہے اور جنوبی ہند کی ریاستوں بالخصوص تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش‘ کرناٹک‘ تمل ناڈو اور کیرالہ میں اسٹامپ اور رجسٹریشن کے ذریعہ ہونے والی آمدنی میں مجموعی اعتبار سے 5فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست آندھرا پردیش ہے جہاں سال گذشتہ اکٹوبر سے جاریہ سال اکٹوبر تک کی آمدنی کا جائزہ لئے جانے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ آندھرا پردیش میں 16 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ مال کو ہونے والے نقصان کے سلسلہ میں سی اے جی کی جانب سے داخل کی گئی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ریاست آندھرا پردیش میں اسٹامپ رجسٹریشن کے ذریعہ ہونے والی آمدنی میں 16 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ بجٹ کا جو تخمینہ حکومت آندھرا پردیش نے لگایاتھااس میں 48 فیصد نشانہ کو ہی پہنچ پایا ہے۔ اسی طرح مجموعی بجٹ کے سلسلہ میں پیش کی گئی تفصیلات کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش نے سال گذشتہ کے مقابلہ صرف 58.17 فیصد ہی نشانہ کو عبور کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ریاست تلنگانہ کی حالت اپنی پڑوسی ریاست آندھرا پردیش سے کافی بہتر ہے لیکن اس کے باوجود سال گذشتہ اکٹوبر اور جاریہ اکٹوبر کے دوران محکمہ مال کو اسٹامپ و رجسٹریشن کے ذریعہ ہونے والی آمدنی میں 6 فیصد گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے جو کہ رئیل اسٹیٹ شعبہ کی حالت کو واضح کرتا ہے۔ریاست تلنگانہ نے مجموعی بجٹ میں 66 فیصد حصہ اسٹامپ و رجسٹریشن کے ذریعہ ہونے والی آمدنی کا نشانہ مقرر کیا تھا لیکن مجموعی اعتبار سے اس میں 6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور تلنگانہ بھی اس نشانہ کو عبور کرنے سے قاصر رہا۔کیرالہ میں اسٹامپ و رجسٹریشن کے ذریعہ ہونے والی آمدنی میں 8 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سال گذشتہ مجموعی بجٹ میں محکمہ مال کے اس صیغہ کا بجٹ 53 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا لیکن اس مرتبہ صورتحال 45 فیصد کی ہی ہے۔تمل ناڈو میں اسٹامپ و رجسٹریشن سے ہونے والی آمدنی کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ 11فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے سال گذشتہ اس مد کے ذریعہ ہونے والی آمدنی 58 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی لیکن اس مرتبہ یہ آمدنی 47 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح کرناٹک میں مجموعی اعتبار سے 4 فیصد کی گراوٹ اسٹامپ و رجسٹریشن سے ہونے والی آمدنی میں ریکارڈ کی گئی ہے سال گذشتہ مجموعی بجٹ میں اسٹامپ و رجسٹریشن کے ذریعہ ہونے والی آمدنی 57 ریکارڈ کی گئی تھی اور اس سال 53فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔تلنگانہ میں بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ شعبہ میں کچھ حد تک بہتری کے سبب تلنگانہ کی آمدنی پر کوئی خاص منفی اثر نہیں ہوا ہے لیکن جو اثر ہوا ہے وہ بھی قابل نظر انداز نہیں ہے۔