ملک کی تاریخی حقیقتوں سے نئی نسل کو واقف کروانا ضروری

   

درگاہ قاضی پیٹ میں جشن آزادی تقریب، مولانا خسرو پاشاہ کا خطاب، قومی یکجہتی پر زور

ورنگل 16؍ا گسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ہندوستان قومی یکجہتی کا گہوارہ ہے اس ملک کی خوبصورتی وحدت میں کثرت ہے۔ صدیوں سے یہاں کے لوگوں کی تہذیب و تمدن مشترکہ ہے۔ تمام مذاہب کے ماننے والوں کا اتحاد محبت وامن و شانتی بھی مثالی رہی ہے۔ ان روایات کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹھ و صدر ملت رابطہ کمیٹی و سابق ریاستی صدرنشین اوقاف نے درگاہ قاضی پیٹھ کے احاطہ میں جشن یوم آزاد ی کے موقع پر پرچم کشائی انجام دینے کے بعد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے ملک کی مثال گلدستہ کی طرح ہے اور یہی ہمارے ملک ہندوستان کی خوبصورتی ہے۔ مولانا خسروپاشاہ نے کہا کہ موجودہ ملک کے جو حالات پراگندہ ہورہے ہیں اس سے ملک کو پاک کرنے کی ضرورت ہے اورملک کے لوگوں کے دلوں کو جوڑنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو ملک کی تاریخی واقعات و سچائیوں سے واقف کروانے کی ضرورت ہے۔ تاریخ کو مسخ کرنے کی جوکوشش کی جارہی ہے اس سے چوکنا رہتے ہوئے ہندو مسلم سکھ عیسائی اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں میں امن و امان و اتحاد کو بنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔ ملک کی آزادی کیلئے مجاہدین آزادی نے جو جو قربانیاں دی ہیں اسکو انہوں نے خراج عقیدت پیش کیا۔ بابا صاحب امبیڈ کر، مہاتما گاندھی ، مولانا عبدالکلام آزاد جیسے بڑے وضعدار قائدین کی ملک کیلئے دی گئی قربانیوںکو خراج عقیدت پیش کیا۔ سارے ہندوستانیوں کو وطن عزیز سے محبت ہے اس لئے کہ ہم سب ہندوستانی ہیں ساری دنیا میں ہماری پہچان ہندو، مسلم، سکھ ، عیسائی سے نہیں بلکہ ہندوستانی ہونے سے ہوتی ہے۔مولانا خسروپاشاہ نے کہا کہ اس ملک کی ساکھ کو بنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر تمام مذاہب کے اہم قائدین و دانشور، علمائے کرام، حفاظ کرام، سماجی قائدین ودیگر اہم اشخاص موجود تھے۔