ملک کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار :پروفیسر نجمہ اختر

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: دنیا کے مختلف اداروں خصوصاً تعلیمی اداروں میں خواتین کی قیادت پر زور دیتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ ملک کی قیادت میں خواتین کا اہم رول رہا ہے ۔یہ بات انہوں نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر ڈِپارٹمنٹ آف ایڈَلٹ اینڈ کانٹی نیواِنگ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹنشن جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ‘خواتین اور تعمیرِ قوم: مسائل اور تقاضے ’ کے عنوان پر ایک آن لائن قومی ویبینار میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے صنفی امتیازات کو دور کرنے میں اُن اہم کردار پر روشنی ڈالی جو مختلف اداروں کو ادا کرنا چاہیے ۔ اُنھوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ خواتین کی ترقی میں حائل مسئلوں اور تقاضوں کا مقابلہ تمام شعبہ جات خصوصاً سائنس، ٹکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی اور دیگر غیر روایتی کورسز میں خواتین کی شمولیت کے ذریعہ کیا جاسکتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ چونکہ تعمیرِ قوم کا عمل پیچیدہ ہے ، لہذا اس میں کسی ایک بھی جنس کو خارج نہیں کیا جاسکتا۔ اِس موقع پر پروفیسر رویندر کمار،ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنسزنے اپنے خطاب میں منو اسمرتی کے کچھ خوبصورت شلوکوں اور ٹیگور کی نظموں کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خواتین تقدیر سازہوتی ہیں۔ خواتین کی تعلیم، ان کا احترام، صنفی مساوات اور ان کی شمولیت ہی وہ اساس ہے جس پرتعمیر قوم کی تشکیل کا انحصار ہونا چاہیے ۔ڈاکٹر انوارہ ہاشمی، اسسٹنٹ پروفیسر، ڈی اے سی ای ای کے طلبا محترمہ بھاوِکا ڈانگی،مسٹر گورَوجوشی اورمسٹر محمد مقیم احمد نے ویبینار کے ممتاز مقررین کا تعارف پیش کیا۔