ملک کی ترقی کیلئے دستور کے مطابق حکمرانی ناگزیر

   

فرقہ پرستوں کا آلۂ کار نہ بننے ملازمین کو مشورہ، کریم نگر میں منعقدہ تقریب بی ونود کمار کا خطاب

کریم نگر۔ 17؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ہندوستانی دستور کے مطابق ملک میں سیکولرزم کو فروغ دینے کے لئے جمہوریت کی بالادستی کو قائم رکھنا عوام بالخصوص ملازمین کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر بی ونود کمار نائب صدرنشین منصوبہ بندی کمیشن نے کریم نگر میں تلنگانہ ملازمین سرکاری تنظیم ’’اُودیوگولا سنگھم‘‘ کے 2023ء کیلنڈر کی رسم اجراء انجام دینے کے دوران کیا۔ بعد ازاں انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیکولر نظریات کے ساتھ اس ملک کی ترقی میں ہاتھ بٹانے کے لئے تمام طبقات و مذاہب کے لوگوں کو آگے آنا چاہئے اور مذہبی فرقہ پرست طاقتوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے بتایا کہ ملک میں نئی نسل کے اندر سیکولر نظریات کو پروان چڑھاتے ہوئے اچھے شہری بنانے کی ذمہ داری اساتذہ پر عائد ہوتی ہے۔ مسٹر ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی ہمہ جہت ترقی کو بھی عوام کے سامنے واضح کرتے ہوئے مذہبی فرقہ واریت کو جنم دینے والی طاقتوں کے خلاف چوکنا رہنے کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے ملازمین کو آگے آنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں تلنگانہ کے طرز پر ترقی دینے کے لئے ترقیاتی اسکیمات کو روبہ عمل لانا اشد ضروری ہے۔ اسی لئے ملازمین کو وزیراعلیٰ کے سی آر کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہئے۔ انھوں نے بتایا کہ ملازمین کو دانشور طبقہ کی طرح باشعور رہتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کے آلۂ کار نہ بننے کی تلقین کی۔ انھوں نے ملازمین کے تمام مسائل بشمول جی او 317 سے پیدا شدہ تمام مسائل کو وزیراعلیٰ کے سی آر کے علم میں لاکر حل کروانے کا تیقن دیا۔ دور دراز مقامات پر اساتذہ پر حملہ کرنے کے عمل کو شرمناک حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو اس قسم کے واقعات کی مذمت کرنی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے دستور میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دے کر کثرت میں وحدت کے مترادف زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ سوڈا چیرمین رام کرشن راؤ، سابق ایم ایل سی لکشمن راؤ، سابق اقلیتی مالیاتی کارپوریشن چیرمین سید اکبر حسین، صدر تلنگانہ اُودیوگولا سنگھم متحدہ ضلع کریم نگر جکوجی وینکٹیش، ریاستی چیرمین سنگھم پدما چاری، ریاستی صدر رویندر کمار، ریاستی سکریٹری تلنگانہ اُودیوگولا سنگھم کریم نگر محمد فیاض علی رضوی و دیگر موجود تھے۔