ملک کی تعمیر میں نئی نسل کا کلیدی کردار : عارف محمد خاں

   

نوجوانوں کو بہتر تربیت اچھے مستقبل کی ضمانت ، گورنر کیرالا کا مذاکرہ سے خطاب
حیدرآباد۔31اکٹوبر(سیاست نیوز) ملک کی تعمیر میں نئی نسل کا کلیدی کردار ہوتا ہے اور نئی نسل کی بہتر تربیت ہی مضبوط مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگا کیونکہ بچپن میں دی جانے والی تربیت ہی ان کے اور بہتر مستقبل کی بنیاد ثابت ہوتی ہے۔ گورنرکیرالہ جناب عارف محمد خان نے شہر حیدرآباد میں منعقدہ ایک مذاکرہ بعنوان’’ملک کی تعمیر میں شہری ذمہ داریاں‘‘ سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ ملک کے بہتر مستقبل اور استحکام کیلئے لازمی ہے کہ ہر شہری اپنی ذمہ داری پوری دیانتداری کے ساتھ ادا کرنا شروع کردے تو صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔ جناب عارف محمد خان نے کہا کہ صرف سرکاری اداروں اور اتھاریٹی پر انحصار کرتے ہوئے تبدیلی کا انتظار کیا جاتا ہے تو وہ کبھی نہیں آئے گی اسی لئے ہر شخص کو چاہئے کہ وہ اپنے طور پر ملک کی تعمیر میں اپنا کردار اداکرنے پر توجہ دے۔انہو ںنے بتایا کہ ہندستان موجودہ دنیا میں تیز رفتار ترقی کرنے والے ملک کی حیثیت سے اپنی شناخت بنا چکا ہے اور یہ شناخت ہندستان کے مقام کو مزید بہتر بنا رہی ہے۔ گورنر کیرالہ نے کہا کہ جو اقوام ترقی پسند ذہن کے حامل ہوتی ہیں وہ پرعزم ہوتے ہیں اور انہیں ان کے ہدف کو حاصل کرنے سے کوئی طاقت روک نہیں سکتی لیکن جو شبہات میں مبتلاء ہوتے ہیں ان کو ترقی کی راہیں انتہائی دشوار نظر نظر آتی ہیں۔ جناب عارف محمد خان نے کہا کہ انسان خواہ مرد ہو یا عورت اس کی کئی شخصیتیں ہوتی ہیں اور ایک ہی شخص بھائی‘ شوہر‘ بیٹا‘ باپ اور کئی رشتوں سے جڑا ہوتا ہے

اور اسے ہر رشتہ کا احترام کرتے ہوئے انہیں اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوتی ہے اسی طرح عورت بھی کئی رشتوں میں ہونے کے باوجود ان رشتوں کے احترام اور ان کی ذمہ داریوں کو نبھاتی ہے اسی طرح اگر ہندستانی اپنے ملک کے تئیں اپنی ذمہ داری کو اداکرتے ہوئے جب کبھی ملک کو ضرورت ہو اپنا کردار ادا کرتے رہیں تو ایسی صورت میں ملک کی ترقی میں ان کا کردار بھی شمار کیا جانے لگے گا۔ عارف محمد خان نے کہا کہ انسان فطری اعتبار سے مفاد پرست ہوتا ہے اور ان کی اپنی دانست میں مفاد پرستی میں کوئی قباحت نہیں ہے لیکن اگر اپنے مفاد کیلئے دوسروں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے تو یہ انتہائی تکلیف دہ اور شرمناک بات ہے اسی لئے اپنے مفادات کے حصول کے لئے کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے ۔ اس مذاکرہ میں شہر حیدرآبا دکی کئی اہم شخصیتیں بشمول جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی ‘ جناب خلیق الرحمن ‘میر ناصر علی خان کے علاوہ دیگر موجود تھے۔انہو ںنے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مہاتما گاندھی کہا کرتے تھے کہ تم جب کوئی کام شروع کرو اور وہ کام تمہیں خدشات میں مبتلاء کرے تو تم اس بات کا جائزہ لو کہ اس کام سے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا یا نہیں۔جناب عارف محمد خان نے نوجوان نسل کو ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں ہی شہریوں کی ترقی پنہاں ہوتی ہے۔