ملک کی جدوجہد آزادی ساری دنیا کیلئے عدم تشدد کی مثال : چیف منسٹر

,

   

آزادی کی 75 سالہ تقاریب امرت مہوتسو کا آغاز ۔ باغ عامہ میں قومی پرچم لہرایا گیا ۔ کے چندر شیکھر راؤ کا خطاب

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج کہا کہ آزادی کیلئے تمام طرح کی جدوجہدوں اور لڑائی میں ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس نے دوسروں کیلئے ایک مثال قائم کی ہے کہ عدم تشدد سے کیا کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج باغ عامہ میں ’’آزادی کا امرت مہوتسو‘‘ کے آغاز کے موقع پر قومی پرچم لہرایا اور اس موقع پر انہیں محکمہ پولیس کے مختلف دستوں کی جانب سے سلامی پیش کی گئی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے باغ عامہ میں منعقد ہونے والی اس تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آزادی کے 75 سال کے موقع پر قومی سطح پر منائے جانے والے ایک سال طویل جشن آزادی اور 75ہفتوں تک جشن آزادی کے پروگرام میں حصہ لینے کے لئے 25کروڑ منظور کئے گئے ہیں اور آئندہ ایک برس تک ان پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 12 مارچ کو جب گاندھی جی نے ڈانڈی مارچ کا آغاز کیا تو اس مارچ میں حیدرآباد سے سروجنی نائیڈو نے حصہ لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آزادی ٔ ہند کی یہ تحریک ایک قومی تحریک بن گئی ہے اور ڈانڈی مارچ ملک بھر میں شروع ہوگیا۔ انہوں نے اس موقع پر جدوجہد آزادی میں حصہ لینے والے مجاہدین کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی میں حصہ لینے والوں اور جان دینے والوں نے جو تاریخ رقم کی ہے اس تاریخ کوکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے مرکزی حکومت کی جانب سے آزادی کے 75 برس پر ایک سالہ طویل جشن آزادی اور 75ہفتوں تک پروگرامس کے انعقاد کے علاوہ ملک بھر میں آزادی کی تاریخ سے واقف کروانے کے اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے ’’آزادی کاامرت مہوتسو‘‘ کی سراہناکی اور کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بھی حکومت کی جانب سے ایک استقبالیہ کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے جس کے ذریعہ 75ہفتوں تک مسلسل جشن آزادی کے سلسلہ میں تقاریب کا اہتمام کیا جاتا رہے گا۔ باغ عامہ میں منعقد ہونے والی پرچم کشائی تقریب کے علاوہ ورنگل میں گورنرتلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے قومی پرچم لہرایا اور انہیں بھی پولیس کے مختلف دستوں کی جانب سے سلامی دی گئی ۔انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر کے عوام کو آزادی کی 75سالہ تقاریب میں شامل کرنے جو منصوبہ تیار کیا گیا اور جو رنگارنگ تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں وہ دراصل ملک کی آزادی کی تاریخ کو دہراتے ہوئے آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ چیف منسٹر کی جانب سے پرچم کشائی کے موقع پر صدرنشین استقبالیہ مسٹر کے وی رمنا چاری ‘ چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار کے علاوہ اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر پوچارم سرینواس ‘مسٹر محمد محمود علی ریاستی وزیر داخلہ‘ مسٹر مہیندر ریڈی ڈائریکٹر جنرل پولیس اور دیگر موجود تھے۔