ملک کی خوشحالی کیلئے ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شامل ہونا چاہئے :راہول

   

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا میں شامل افراد کو ملک کی خدمت کے لئے آگے بڑھنے والے یاتری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس یاترا میں صرف ملک کی خدمت ہے ، اس لئے سبھی ہم وطنوں کو بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی مہنگائی، بے روزگاری اور نفرت کی پالیسی ملک کے مفاد میں نہیں ہے اور نہ ہی اس سے کسی بھی ملک کو فائدہ پہنچنے والا ہے ، جب کہ بھارت جوڑو یاترا ملک کے مفاد میں ہے اور اس میں حب الوطنی کا جذبہ ہے اور اہل وطن کے مسائل کا حل بھی موجود ہے ۔ گاندھی نے ایک فیس بک پیغام میں کہا کہ نہ دشمنی، نہ چڑچڑاپن، نہ غصہ کسی بھی بھارت جوڑو یاتری کے دل میں یہ سب چیزیں نہیں ہے ۔ کچھ ہے تو ہندوستان کو جوڑنے کا جذبہ، ہندوستانیوں کے مسائل کے لیے ہمدردی اور تمام ہم وطنوں کے لیے محبت۔ نفرت، مہنگائی اور بے روزگاری، کیا یہ قومی مفاد میں ہے ؟ کیا اس سے کوئی عام آدمی مستفید ہوگا؟ نہیں ، بالکل بھی نہیں۔

راجستھان میں راہول کی یاترا دوسرے دن صبح 6بجے ہوئی شروع
جھالاواڑ: راجستھان میں کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا دوسرے دن آج صبح تقریباً 6بجے جھالاواڑ کے اسپورٹس کامپلکس سے شروع ہوئی۔اس یاترا میں وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ دوٹاسرا، کانوں کے وزیر پرمود جین بھیا سمیت کئی کانگریسی لیڈر راہول گاندھی کے ساتھ چل رہے ہیں۔لوک فنکاروں نے بھی یاترا میں شرکت کی اور اپنی پریزنٹیشنز پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ چلے ۔ اس دوران ایک کٹھ پتلی فن کار نے جب اپنے کرتب کا مظاہرہ کیا تو راہول گاندھی نے کٹھ پتلی کی ڈور کا جائزہ لیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ کٹھ پتلی کے فنکار کس طرح اپنی انگلیوں سے کرتب دکھاتے ہیں۔یاترا میں نوجوانوں اور خواتین سمیت لوگوں کی بڑی بھیڑ جمع ہو رہی ہے اور دوسرے دن بھی یاترا کو لوگوں کی طرف سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے ۔یاترا دوپہر کو جھالاواڑ سے ضلع کوٹہ میں داخل ہوگی۔ آج یاترا میں تقریباً 23 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔ یہ یاترا اگلے چار دنوں تک ضلع کوٹا میں رہے گی۔

انہوں نے بھارت جوڑو یاترا کو ملک کے عوام کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا، ”اپنی آواز بلند کریں، اپنی پوری طاقت سے آواز بلند کریں، لیکن ہندوستان کے مسائل کے خلاف، ہندوستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اور اس مہم میں اپنا تعاون دینے کے لئے ، بھارت جوڑو یاترا میں آپ سبھی مدعو ہیں۔ ملک کے ایک ذمہ دار شہری کے طور پر، آپ کا پہلا فرض ہندوستان کی خوشحالی اور ترقی ہے ۔”