ملک کی دولت کارپوریٹ گھرانوں کے حوالے کرنے نریندر مودی پر الزام

   

آل انڈیا ٹریڈیونین کانگریس کا اجلاس، قومی جنرل سکریٹری امرجیت کور کی شرکت

حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری امر جیت کور نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کی دولت کارپوریٹ طاقتوں کے حوالے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس بارے میں عوام کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی اہم عوامی شعبہ کے اداروں بشمول بینکوں کو خانگیانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مودی دور حکومت میں نئے اداروں کے قیام کے بجائے صرف خانگیانے کا عمل جاری ہے۔ مرکزی بجٹ میں ایل آئی سی کو خانگیانے کا اشارہ دیا گیا ہے۔ امرجیت کور نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کو نیتی آیوگ کے ذریعہ تبدیل کیا گیا اور کارپوریٹ اداروں کے نمائندوں کو بطور ارکان شامل کیا گیا۔ انہوں نے مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے قومی سطح پر جدوجہد کا اعلان کیا۔ وہ آج حیدرآباد میں آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس کی تین روزہ جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ امرجیت کور نے کہا کہ نریندر مودی ملک میں عدم مساوات کے خاتمہ کا دعویٰ کررہے ہیں لیکن غریب اور امیر کے درمیان خلیج میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں غریبوں کی بجائے کارپوریٹ گھرانوں کو زمینات الاٹ کی جارہی ہیں۔ مخالفین کو ہراساں کرنے کیلئے سی بی آئی اور ای ڈی جیسے اداروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر سال 2 کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن بے روزگاری کی شرح میں 8.1 فیصد کا اضافہ ہوچکا ہے۔ مختلف سرکاری محکمہ جات میں 9 لاکھ سے زائد جائیدادیں خالی ہیں۔ سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ، اے آئی ٹی یو سی کے ریاستی صدر ایس بالراج، محمد یوسف، ایم نرسمہا، وجئے لکشمی اور دیگر قائدین نے بھی مخاطب کیا۔ر