ملک کی سرحدوں کی تاریخ لکھی جائے گی: راج ناتھ سنگھ

   

نئی دہلی،18ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)جموں و کشمیرکے ایک حصے کو پاکستان کے قبضے سے چھڑانے کے عزم کے درمیان حکومت نے لوگوں میں حب الوطنی کاجذبہ بیدار کرنے اور انہیں سرحدوں اور سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے روبرو کرانے کے لئے سرحدوں کی تاریخ لکھوانے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزارت دفاع نے بدھ کو بتایا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو تاریخی تحقیق کی ہندوستانی کونسل کی اہم ہستیوں اور نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری ،آرکائیو ڈائریکٹر جنرل،وزارت داخلہ ،وارت خارجہ اور وزارت دفاع کے افسران کے ساتھ غور وخوض کرنے کے بعد اس سلسلے میں ہدایات جاری کی۔اپنی طرح کے اس انوکھے منصوبے میں سرحدوں کے مختلف پہلوؤں کو توجہ میں رکھتے ہوئے سرحدوں کی تاریخ کا ذکر کیا جائے گا۔ان میں سرحدوں کے بننے -بگڑنے ،تعین،لوگوں کو دوسرے مقامات پر بھیجے جانے ،سلامتی دستوں کے کردارکا تفصیلی ذکر کیاجائے گا۔ساتھ ہی سرحدی علاقوں کا رول اور ان کی قبائلی ثقافت اور ان کی زندگی کے سماجی ،اقتصادی پہلوجیسے موضوع پر خاص طورپر شامل کئے جائیں گے ۔اس منصوبے کے دوبرسوں میں پورا ہونے کا امکان ہے ۔ وزیر دفاع نے ہندوستانی سرحدوں کی تاریخ لکھنے کو اہم بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عام لوگوں کی سرحدوں کے بارے میں سمجھ بڑھے گی اور افسروں کو اس سے خاص مدد ملے گی۔انہوں نے میٹنگ میں دئے گئے مشوروں کی ستائش کی اور افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس منصوبے کو وقت سے پورا کرنے کے لئے ضروری ذرائع،مواد،اس کے ہر پہلو ،طریقوں اور کام کے منصوبے پر ماہرین کے ساتھ غور وخوض کریں ۔