ملک کی سیاست منادر ، سادھو سنتوں کے اردگرد گھوم رہی ہے

   

چناجیر سوامی سے محتاط نہ رہنے پر کے سی آر کو چیف منسٹر عہدے کا خطرہ ، ڈاکٹر نارائنا
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے ملک کی سیاست کے منادر اور سادھو سنتوں کے اردگرد گھومنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کو چناجیر سوامی سے ہوشیار رہنے کا مشورہ بصورت دیگر چیف منسٹر کے عہدے کو خطرہ ہونے کا انتباہ دیا ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ ملک اور ریاست کی صورتحال دن بہ دن بد سے بدتر ہورہی ہے ۔ بڑے بڑے صنعت کاروں مثلاً اڈانی اور امبانی سیاستدانوں کو کنٹرول کررہے ہیں ۔ بی جے پی نے پنجاب میں چند ووٹوں کی خاطر قاتل ڈیرا بابا کو جیل سے رہا کرایا ہے ۔ چنا جیرسوامی کے اطراف علاقائی و قومی سیاست گھوم رہی ہے ۔ انہوں نے اپنے آشرم کو سیاسی پلیٹ فارم میں تبدیل کردیا ۔ جہاں پر بڑے بڑے سیاستداں اپنا ماتھا ٹیک رہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کو ان سے ہوشیار و چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ بصورت دیگر چیف منسٹر کا عہدہ خطرے میں پڑ سکتا ہے ۔ روحانی ادارے اور مذہبی رہنما غیر ضروری طور پر سیاسی امور میں مداخلت کررہے ہیں ۔ جن کی وجہ سے ملک کا سیاسی نظام آلودہ ہورہا ہے ۔ ہندوستان ایک سیکولر و جمہوری ملک ہے لیکن بی جے پی سیاسی مفادات پرستی کیلئے مذہبی منافرت پھیلا رہی ہے ۔ ملک کے امن و امان کو نقصان پہونچانے والی طاقتوں سے عوام کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔۔ ن