کئی محاذوں پر ترقی مگر رکاوٹیں پیدا کرنے والے ماحول پر تمام امن پسند ہندوستانی مضطرب
بنگلورو ، 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جماعت اسلامی ہند نے آج ملک کی سماجی، سیاسی اور معاشی صورتحال کے تعلق سے ’’بے چینی‘‘ اور ’’اضطراب‘‘ کے احساس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس صورتحال میں بہتری کی خواہاں ہے۔ صدر جماعت سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ملک میں مسلمان ’’خوفزدہ‘‘ نہیں ہیں بلکہ یہ برادری ہندوستان کے ہر امن پسند شہری کے ساتھ ’’فکرمند‘‘ اور ’’مضطرب‘‘ ہے اور موجودہ صورتحال میں بہتری چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی نے ملک کے موجودہ حالات پر مختلف مسلم تنظیموں کے سربراہوں اور نمائندوں کے ساتھ یہاں جمعرات کو اجلاس منعقد کیا۔ سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ہمارا ملک آج نہایت نازک مرحلے سے گزر رہا ہے۔ ایک طرف ہم کئی محاذوں جیسے سائنس اور ٹکنالوجی، ٹکنیکل میان پاور پر ترقی کررہے ہیں، اور ہمیں عالمی طاقت بننے کیلئے کئی مواقع حاصل ہورہے ہیں، لیکن دوسری طرف بدبختی سے ملک میں ایسا ماحول پیدا جارہا ہے جو آڑ اور مزاحمتیں پیدا کررہا ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا والوں کو مخاطب کرتے ہوئے سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ جس طرح حالیہ پارلیمنٹ سیشن منعقد کیا گیا، اس سے جمہوری اقدار اور اصولوں کا زوال ظاہر ہوا کیونکہ کئی اہم قوانین کوئی بحث کے بغیر منظور کرلئے گئے۔ ان میں سے کئی ظالمانہ نوعیت کے ہیں اور ہمارے دستور کے دیئے گئے بنیادی حقوق کو چیلنج کرتے ہیں۔