ملک کی موجودہ صورتحال پر ہر شہری کو فکر مند ہونے کی ضرورت : گہلوٹ

,

   

گاندھی جی کے پیغام کو بھول کر آج ہر طرف تشدد ، کشیدگی اور عدم اعتمادی کا بول بالا ہے

جے پور : راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ملک میں کشیدگی اور عدم اعتماد کا ماحول بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کو نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت ہے اور ملک کس سمت میں جارہا ہے ، یہ ہر شہری کے لیے تشویش کا موضوع ہونا چاہئے ۔مسٹر گہلوت نے مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد میڈیا سے کہا کہ آج گاندھی کی قربانی کا دن ہے ۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اس عظیم انسان نے ملک کی آزادی کے لیے ‘کرو اور مرو ’کا نعرہ دیا۔ پورے ملک میں عظیم رہنما ؤں نے ان کی سرپرستی میں جنگ لڑی۔نیتاجی سبھاش چندر بوس نے ان کو بابائے قوم کہا۔گاندھی جی کا قتل ہوگیا۔گاندھی جی کا قتل کرنے والے کون لوگ ہیں ، وہ کس نظریات سے تعلق رکھتے ہیں، ا س سے آپ سبھی بخوبی واقف ہیں۔بدقسمتی سے آج وہی لوگ اقتدار پر قابض ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئن سٹائن جیسے سائنسدان نے کہا تھا کہ آنے والی نسلیں یقین بھی نہیں کریں گی کہ مہاتما گاندھی جیسا کوئی شخص گوشت پوست اور خون سے بنا تھااور اس زمین پر کبھی چلا بھی تھا۔ اس ایک جملے سے سمجھ لیں کہ دنیا کے ممالک میں گاندھی کے بارے میں کیا تاثر تھا اور آج ہر طرف تشدد کی بات ہے ، کشیدگی کی بات ہے ، عدم اعتماد کی بات ہے اور گاندھی کا پیغام ہے پیار، محبت، بھائی چارہ، خیر سگالی ، عدم تشدد اورامن کا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بی جے پی-آر ایس ایس کی ٹرول آرمی پھیلی ہوئی ہے ۔جو ان کے نظریات سے عدم اتفاق رکھنے والے لوگوں کو سوشل میڈیا پر بری طرح ٹرول کرتے ہیں۔ ٹرول آرمی پر لاکھوں کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔ جمہوریت میں اختلاف رائے کا بھی احترام کیا جاتا ہے ، لیکن آج حالات ایسے بنادیے گئے ہیں کہ اگر آپ نے غلطی سے بھی ان پر تنقید کردی یا ان سے عدم اتفاق کیا تو پھر آپ کو الیٹرانک میڈیا سے لے کر سوشل میڈیا تک چہار جانب سے آپ پر حملہ ہوگا اور آپ کو غدار ثابت کردیا جائے گا۔ اس سے آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ ہمارا ملک کس سمت میں جارہا ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہر شہری کو اس کے لیے فکر مند ہونے کی ضرورت ہے ۔

گہلوٹپیگاسس معاملہ میں مرکزی حکومت سے وضاحت کے خواہاں
جے پور: راجستھا ن کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ پیگاسس معاملے میں مرکزی حکومت کو وضاحت کرنی چاہئے تھی۔گہلوت نے مہاتما گاندھی کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد میڈیا سے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا پیگاسس کا معاملہ کوئی معمولی معاملہ ہے کیا ؟ مرکزی حکومت کو خود آگے آکر وضاحت دینی چاہئے تھی۔ وہ بھی جو ایفی ڈیوڈ دے رہی ہے ، سپریم کورٹ میں اس کے کئی معنی نکلتے ہیں۔ وزیر اعظم کو اس معاملے پر خود ملک سے خطاب کرنا چاہئے کہ بھائی یہ جو کنفیوژن پید ا ہو رہا یہ غلط ہے ۔مسٹر گہلوت نے کہا کہ معاملے تو کئی سامنے آرہے لیکن بدقسمتی سے آپ دیکھ رہے کہ سپریم کورٹ تک بھی جس طرح کی ترجیحات پر سماعت کرنی چاہئے تھی وہ نہیں کر پا رہاہے ۔بدقسمتی سے ملک کا میڈیا دبائو میں ہے ، سی بی آئی ،انکم ٹیکس اور ای ڈی کا سیاسی استعمال ہو رہا ہے ۔ اتفاق رائے نہ رکھنے والوں کو ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے ۔ اس ماحول میں ملک کی جمہوریت چل رہی ہے ۔ اس لئے میں بار بار کہتا ہو کہ جمہوریت کو بھی خطرہ ہے اور آئین کو بھی۔