نئی دہلی: حکومت نے اتوار کو کہا ہے کہ ہندوستان کے کووڈ ٹیکہ کاری مہم کے نشانہ حاصل نہ ہونے سے متعلق میڈیا میں آئی خبریں گمراہ کن ہیں۔صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے کہا کہ کووڈ کے خلاف عالمی لڑائی میں ہندوستانی قومی ٹیکہ کاری مہم کئی ترقی یافتہ مغربی ملکوں کے مقابلے میں سب سے کامیاب اور سب سے بڑی ہے ۔وزارت نے کہا کہ میڈیا میں آئی اس طرح کی خبریں گمراہ کرنے والی ہیں اور پورے حالات ظاہر نہیں کرتیں۔ وزارت کے مطابق 16 جنوری 2021 سے شروع ہوئی ٹیکہ کاری مہم میں ابھی تک اہل شہریوں کو 90 فیصد پہلا ٹیکہ اور 65 فیصد کو دوسرا ٹیکہ لگایا جا چکا ہے ۔
اس مہم میں ہندوستان میں کئی غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ہندوستان میں نو مہینے سے بھی کم وقت میں ایک سو کروڑ کووڈ ٹیکے لگائے ہیں اور ایک دن میں دو کروڑ 51 لاکھ کووڈ ٹیکے دئے گئے ہیں۔وزارت نے کہا کہ امریکہ میں صرف 73.2 فیصد اہل آبادی کو کو وڈ کا پہلا ٹیکہ لگایا گیا ہے ۔برطانیہ میں 75.9فیصد ،فرانس 78.3 فیصد اور اسپین میں 84.7 فیصد اہل آبادی کو کووڈ کا پہلا ٹیکہ دیا گیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ ملک میں پہلے ہی 90 فیصد اہل آبادی کو کووڈ دیا جا چکا ہے ۔حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں 65 فیصد سے زیادہ اہل آبادی کو کووڈ کا دوسرا ٹیکہ دیا جا چکا ہے ۔اس کے علاوہ ملک میں 11 سے زیادہ ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں نے پہلے ہی صد فیصد اہل آبادی کو پہلا کووڈ ٹیکہ دے دیا ہے ۔تین ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کووڈ ٹیکے کی دونوں خوراکیں دی جا چکی ہیں۔وزارت کے مطابق کئی دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو جلد ہی صد فیصد ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل کر لیں گے ۔کووڈ ٹیکہ کاری کے ہر گھر دستک مہم میں ہر شخص تک پہنچنے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ اس کے نتیجہ میں مہم کے آغاز کے بعد سے پہلی خوراک میں 11.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسری خوراک میں 28.9 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے ۔وزارت نے کہا ہے کہ تین جنوری سے 15 سے 18 سال کی عمر کے زمرے کے لئے ٹیکہ کاری شرو ع ہوگی۔اس کی پوری تیاریاں کرلی گئی ہیں۔اس کے علاوہ 10 جنوری سے صحت اہلکارون،کورونا سپاہیوں اور سینئر شہریوں کو کووڈ ٹیکے کی اضافی خوراک دی جائے گی۔