کیرالا میں مرغیوں و انڈوں کو تلف کیا جائیگا ۔ دوسری ریاستوں کی بھی صورتحال پر نظر
حیدرآباد۔ ملک کی کئی ریاستوں میں برڈ فلو کی دہشت نے مرغیوں اور انڈوں کو تلف کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ کیرالا میں حکومت نے 48ہزار مرغیوں کے علاوہ لاکھوں انڈوں کو تلف کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔ہماچل پردیش کے ساتھ گجرات ‘ مدھیہ پردیش ‘ ہریانہ کے علاوہ کیرالا میں برڈ فلو کی توثیق ہوچکی ہے اور اب جبکہ کورونا ٹیکہ اندازی کیلئے مشق اور آئندہ چند یوم کے دوران ٹیکہ اندازی کے امکانات کے دوران برڈ فلو کی وباء سے ملک کی کئی ریاستوں کے محکمہ صحت کی جانب سے الرٹ جاری کیا جاچکا ہے۔ کرناٹک کے علاوہ مہاراشٹرا نے بھی الرٹ جاری کرکے مرغیوں کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ٹاملناڈو نے کیرالا سے لائی جانے والی مرغیوں پر پابندی عائد کرکے ان کی حمل و نقل کو روک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک کی پانچ ریاستوں میں برڈ فلو کے بعد تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی جانب سے بھی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہاہے لیکن کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ اور آندھرا میں کسی طرح کی علامات نہیں پائی گئی ہیں جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے دیگر ریاستوں سے ملنے والی اطلاعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ کئی ریاستوں میں برڈ فلو کی توثیق کے بعد چکن کی قیمتوں میں گراوٹ ریکارڈ کی جائیگی۔ چکن کے استعمال کے سلسلہ میں ماہرین کی جانب احتیاط کی ہدایات جاری کی جانے لگی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ موجودہ صورتحال میں چکن کا استعمال خطرناک ہوسکتا ہے ۔ ان حالات میں چکن اور انڈوں کے استعمال سے گریز ضرور ی ہے۔ 5ریاستوں میں برڈ فلو کی توثیق کے بعد چکن تاجرین بالخصوص ٹھوک تاجرین میں خوف پیدا ہوچکا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ دیگر ریاستوں کی جانب سے بھی اس طرح کے فیصلہ کا امکان ہے اور مدھیہ پردیش حکومت نے چکن کے تاجرین کو 15 یوم کیلئے کاروبار بند کرنے کی ہدایت دی ہے جو کہ تاجرین کیلئے تفکرات کا باعث ہے کیونکہ چکن کی پیداوار میں کوئی کمی نہیں ہوگی اور اگر برڈ فلو تیزی سے پھیلنے لگتا ہے تو ایسی صورت میں ریاستی حکومتوں کے محکمہ صحت کی جانب سے چکن کو تلف کرنے کے اقدامات کو بھی تیز کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے جو کہ نقصاندہ ہوگی۔