ملک کی کئی ریاستوں میں شدید گرمی کا قہر

   

30اپریل تک مزید اضافہ کی وارننگ: محکمہ موسمیات
نئی دہلی: ملک کی کئی ریاستوں میں اس وقت شدید گرمی کا قہر ہے ہے۔ دریں اثنا، ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ملک کے مشرقی اور جنوبی جزیرہ نما خطوں میں 30 اپریل تک شدید گرمی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 30 اپریل سے گنگا کے کنارے مغربی بنگال کے کئی مقامات ، اوڈیشہ کے کچھ حصوں اور ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں شدید لو کا امکان ہے۔ اگلے چار دنوں کے دوران بہار، جھارکھنڈ، تلنگانہ، رائل سیما، اندرونی کرناٹک، ٹاملناڈو، مشرقی اتر پردیش کے الگ الگ علاقوں میں لو چلنے کا امکان ہے۔ 29 اپریل کو کونکن، گوا اور 30 اپریل کو مغربی اتر پردیش، ساحلی آندھرا پردیش اور ینم میں بھی اسی طرح کے موسم کا امکان ہے۔جھارکھنڈ میں محکمہ موسمیات نے ریاست کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔اسکائی میٹ ویدر کے مطابق اگلے 2 دنوں کے دوران مغربی ہمالیہ کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔