ریاستی وزراء سرینواس یادو اور کے ایشور کا دعویٰ ، اپوزیشن کی تنقیدیں مسترد
حیدرآباد۔28 ۔جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزراء سرینوس یادو اور کے ایشور نے کریم نگر ضلع میں مستحق افراد میں بھیڑ بکریوں کی تقسیم کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تمام طبقات کی یکساں ترقی میں سنجیدہ ہیں۔ ریاست کے ہر طبقہ کیلئے فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات نہیں ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں بھی تلنگانہ کی طرح کوئی فلاحی اسکیم نظر نہیں آتی۔ سرینواس یادو نے بی جے پی قائدین کی جانب سے حکومت پر کی جارہی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار کسی بھی ریاست میں غریبوں میں بھیڑ بکریوں کی تقسیم کی اسکیم پر عمل کر کے دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت پر تنقید کرنے سے قبل بی جے پی اور کانگریس کو اپنی ریاستوں کا جائزہ لینا چاہئے ۔ کسی بھی ریاست میں دیہی اور شہری علاقوں کیلئے 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی کا کوئی نظم نہیں ہے ۔ رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات کے علاوہ غریب خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی کے موقع پر حکومت کی جانب سے امداد فراہم کی جاتی ہے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ کوئی بھی طاقت چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ۔